0
Sunday 19 Apr 2020 20:26

وزیراعظم سندھ فتح کرنے کا ارادہ ترک کرکے کورونا وائرس پر توجہ دیں، اعجاز ہاشمی

وزیراعظم سندھ فتح کرنے کا ارادہ ترک کرکے کورونا وائرس پر توجہ دیں، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کو فتح کرنے کی بجائے آئین اور قانون کے مطابق شائستگی کا مظاہرہ کرے، افسوس ہے کہ وزیراعظم روزانہ اپنے میڈیا مشیروں کا اجلاس بلا کر حکومت سندھ اور اپوزیشن کو دبانے کے احکامات جاری کرتے ہیں، حالانکہ عمران خان کو چاہیے کہ وہ اپنے فائر برانڈ وزیروں کو شائستگی کی ہدایت کریں اور سندھ فتح کرنے کا ارادہ ترک کرکے کورونا وائرس پر توجہ دیں اور چینی آٹا بحران کے ذمہ داروں کو نیب کے حوالے کریں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ وفاق صوبوں پر مشتمل ہے، اس لئے وفاقی حکومت وفاقی اکائیوں کی خودمختاری اور ضروریات کا خیال رکھے، لیکن افسوس وفاقی وزراء فیصل ووڈا، علی رضا زیدی، مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور پی ٹی آئی کے رہنما جس طرح کے اشتعال انگیز بیانات دے رہے ہیں، انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس پر پارٹی سیاست سے بالاتر ہوکر جذبے کیساتھ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنانا چاہیے، افسوسناک بات یہ بھی ہے کہ ابھی تک حکومت خود ابہام کا شکار اور اسے معلوم ہی نہیں کہ کرنا کیا ہے، کبھی وزیراعظم کہتے ہیں کہ 25 اپریل تک کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 50 ہزار ہو جائے گی، اب 15 مئی کی تاریخ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں سندھ حکومت ہی تو ہے جس نے واقعی تیزی سے کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے کام کیا، مگر وفاق کی طرف سے تعریف کی بجائے سندھ پر چڑھائی کی جارہی ہے، ایسے منفی رویوں کا نقصان وفاق پاکستان اور جمہوری سیاست کو ہوگا۔ پیر اعجاز ہاشمی نے حیرت کا اظہار کیا کہ موجودہ حکمرانوں کو اٹھارہویں ترمیم میں دی گئی صوبائی خودمختاری ہضم نہیں ہو رہی ہیں، مشورہ ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کے عوام کا پیپلز پارٹی کو دیا گیا مینڈیٹ برداشت کرے۔
خبر کا کوڈ : 857676
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش