QR CodeQR Code

وفاقی وزراء کورونا سے نمٹنے کے حکومتی اقدامات کو روند رہے ہیں، سینیٹر مولا بخش چانڈیو

19 Apr 2020 21:06

ایک بیان میں پی پی رہنما نے کہا کہ ایک وفاقی وزیر نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر جلسہ کیا، جو شاید کورونا پھیلاؤ مہم کا حصہ تھا، کسی احساس سے عاری اس وزیر نے ملتان میں بھی مجمع لگایا، اس سے چند روز پہلے کچھ وزراء کراچی میں قانون توڑتے پھر رہے تھے، حکومت عوام کے ساتھ ہے یا کورونا کے ساتھ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان و سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء کورونا سے نمٹنے کے حکومتی اقدامات کو روند رہے ہیں، اگر یہ سب کچھ وزیراعظم کی مرضی سے ہو رہا ہے تو بڑا قومی جرم ہے، صوبائی حکومتیں ان کے داخلے پر پابندی لگائیں اور اگر یہ باز نہ آئیں  تو ان وزراء کے خلاف مقدمات درج کئے جانے چاھئیں۔ ایک بیان میں سنیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ لوگوں کی جانیں بچانے کیلئے کئے گئے لاک ڈاؤن پر وفاقی وزراء کنفیوژن پھیلا رہے ہیں اور فوائد کو سبوتاژ کررہے ہیں۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ آج ایک وفاقی وزیر نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر جلسہ کیا، جو شاید کورونا پھیلاؤ مہم کا حصہ تھا، کسی احساس سے عاری اس وزیر نے ملتان میں بھی مجمع لگایا، اس سے چند روز پہلے کچھ وزراء کراچی میں قانون توڑتے پھر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم صاحب بتائیں کہ ان کی حکومت عوام کے ساتھ ہے یا کورونا کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا اگر یہ سب وزیراعظم کی لاعلمی میں ہو رہا ہے تو اس کا نوٹس لیا جائے، گر وزیراعظم کی مرضی اس میں شامل ہے تو پھر یہ قومی جرم ہے۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ صوبائی حکومتیں بڑی مشکل سے لاک ڈاؤن پر عمل کر رہی ہیں اور وفاقی وزراء لاک ڈاؤن توڑ جاتے ہیں ،اگر وہ قانون توڑنے سے باز نہ آئیں تو ان کے خلاف مقدمات درج کئے جانے چاھئیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں لاک ڈاؤن کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے وزراء کے داخلے پر پابندی عائد کریں، کیا کیمرہ کے سامنے ہجوم لگائے بغیر عوام کی مدد نہیں کی جا سکتی۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ اپنی رونمائی کے لئے لوگوں کی زندگیاں داؤ پر لگانا کہاں کی سیاست ہے۔


خبر کا کوڈ: 857680

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/857680/وفاقی-وزراء-کورونا-سے-نمٹنے-کے-حکومتی-اقدامات-کو-روند-رہے-ہیں-سینیٹر-مولا-بخش-چانڈیو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org