QR CodeQR Code

کراچی میں لاک ڈاؤن، کے ایم سی کی دکانوں کا کرایہ دو ماہ کے لئے مؤخر

20 Apr 2020 20:18

میئر کراچی وسیم اختر سے ملاقات کے دوران تاجر رہنما عتیق میر نے کہا کہ دو ماہ کا کرایہ مؤخر کرنے پہ ہم شکر گزار ہیں۔ تاجر رہنما حکیم شاہ نے بتایا کہ میئر کراچی نے تاجر رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ انہیں پیکج دلانے کے لئے وہ وفاق سے بات چیت کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کے ایم سی کے ماتحت 7500 دکانوں کا کرایہ آئندہ دو ماہ کے لئے مؤخر کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق میئر کراچی نے یہ اعلان آل سٹی تاجر اتحاد اور آل کراچی تاجر اتحاد کے نمائندہ وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ تاجر رہنماؤں نے میئر کراچی وسیم اختر کو درپیش صورتحال سے آگاہ کیا اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے تاجر برادری کو پہنچنے والے کاروباری نقصانات کی بابت بھی بتایا۔ ذرائع کے مطابق ہونے والی ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ آئندہ چھ ماہ میں کرائے کو ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ کے ایم سی سال میں دو مرتبہ اور یا پھر ہر ماہ اپنی سہولت کے مطابق دکانداروں سے کرایہ وصول کرتی ہے۔

تاجر رہنما عتیق میر نے کہا کہ دو ماہ کا کرایہ مؤخر کرنے پہ ہم میئر کراچی وسیم اختر کے شکر گزار ہیں۔ میئر کراچی سے ہونے والی ملاقات کے متعلق تاجر رہنما حکیم شاہ نے بتایا کہ میئر کراچی وسیم اختر نے تاجر رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ انہیں پیکج دلانے کے لئے وہ وفاق سے بات چیت کریں گے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی گزشتہ دنوں کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان تاجروں کے لئے پیکج کا اعلان کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 857866

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/857866/کراچی-میں-لاک-ڈاؤن-کے-ایم-سی-کی-دکانوں-کا-کرایہ-دو-ماہ-لئے-مؤخر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org