0
Tuesday 21 Apr 2020 21:47

کورونا سے نجات کا واحد ذریعہ توبہ و استغفار اور رجوع الی اللہ ہے، محمد حسین محنتی

کورونا سے نجات کا واحد ذریعہ توبہ و استغفار اور رجوع الی اللہ ہے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر و الخدمت کے سرپرست محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس ایک قدرتی آفت ہے، جس نے خدائی دعویداروں سمیت پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے، نجات کا واحد ذریعہ توبہ و استغفار اور رجوع الی اللہ ہے، الخدمت فاﺅنڈیشن سندھ نے کراچی تا کشمور سندھ بھر میں ابتک ایک لاکھ 20 ہزار 500 خاندانوں میں 15 کروڑ روپے کی مالیت کا راشن و دیگر سامان تقسیم کیا ہے، بڑے چھوٹے اسپتالوں میں ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل اسٹاف کو 28،300 حفاظتی لباس، دو لاکھ 5 ہزار افراد میں پکا پکایا کھانا، 2 لاکھ 5 ہزار ماسک، 60 ہزار سینی ٹائزر و صابن تقسیم اور 12000 سندھ بھر کی مساجد، اسپتال، مندر، گرجاگھروں سمیت دیگر عبادت گاہوں میں جراثیم کش اسپرے کیا گیا، جماعت اسلامی کا ہر دفتر اس وقت کورونا ریلیف مرکز میں تبدیل کر دیا گیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر عبدالغفار عمر، الخدمت سندھ کے نائب صدر سید محمد یونس، کاشف عباس اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔

محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ حکومت کورونا وائرس سے صرف عوام کو خوفزدہ نہ کرے، بلکہ امید و حوصلہ دینے کے ساتھ ساتھ اللہ پر بھروسہ اور رجوع الی اللہ کی ترغیب دے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی یوتھ کے تحت تھیلسیما کے مریضوں کو خون کا عطیہ دینے کیلئے بڑے پیمانے پر کیمپ لگا کر سینکڑوں بلڈ ڈونیشن دیئے گئے، اسی طرح آگاہی مہم و اس وبا سے بچنے کیلئے ہزاروں کی تعداد میں ہینڈ بلز، بینرز و ہورڈنگز لگائے گئے، اس قومی مہم میں ہمارے 10،000 سے زائد کارکنان و رضاکار دن رات انسانیت کی خدمت اور رب کی رضا کے حصول کی خاطر مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے علمائے کرام و پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ اس قدرتی وبا اور اس نازک ترین صورتحال کے پیش نظر مکمل نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومتی اقدامات اور ڈاکٹرز کی ہدایات پر لازمی عمل کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 858104
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش