0
Tuesday 21 Apr 2020 22:03

پینٹاگون میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 5,335 ہو گئی، امریکی وزارت دفاع

پینٹاگون میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 5,335 ہو گئی، امریکی وزارت دفاع
اسلام ٹائمز۔ امریکی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ امریکی دارالحکومت میں واقع اس کی سب سے بڑی دفتری عمارت پینٹاگون میں کرونا وائرس میں مبتلا ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 5,000 نفر سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکی وزارت دفاع کے مطابق ملک میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے اس کے فوجی اہلکاروں کی تعداد 3 ہزار 438 جبکہ کرونا وائرس میں مبتلا ہونے والے پینٹاگون کے کل اہلکاروں کی تعداد 5 ہزار 335 ہے۔ امریکی فوجیوں میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں کا تعلق بحریہ سے ہے جبکہ اعداد و شمار کے مطابق کرونا وائرس میں مبتلا ہونے والے امریکی بحریہ کے کل فوجیوں کی تعداد 1 ہزار 240 نفر ہے۔

امریکی وزارت دفاع کے مطابق بحریہ کے بعد کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا امریکی فوج کا شعبہ بری فوج ہے جس میں اس وقت کرونا کے 819 مریض موجود ہیں۔ پینٹاگون کے مطابق تاحال امریکی وزارت دفاع کے 1 ہزار 592 اہلکار کرونا وائرس کے باعث ہسپتال میں داخل رہ چکے ہیں جن میں سے 1 ہزار 331 صحتیاب جبکہ 22 اپنی جان کھو بیٹھے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکہ میں کرونا وائرس کے وسیع پھیلاؤ کے باعث امریکی شہریوں کے درمیان کرونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک سے بڑھ چکی ہے۔ نشر کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں تاحال 8 لاکھ 2 ہزار 590 افراد کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جن میں سے 43 ہزار 545 ہلاک اور 75 ہزار 317 صحتیاب ہو چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 858106
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش