0
Wednesday 22 Apr 2020 10:52

برطانوی شہریوں کا کرونا سے فوت ہونیوالے مسلمان سرجن صادق الہؤش کو تالیاں بجا کر پھولوں کا نذرانہ

برطانوی شہریوں کا کرونا سے فوت ہونیوالے مسلمان سرجن صادق الہؤش کو تالیاں بجا کر پھولوں کا نذرانہ
اسلام ٹائمز۔  برطانیہ میں ایک اسپتال میں خدمات انجام دینے والے مسلمان ڈاکٹر کی وفات پر عوام نے انہیں شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ اسپتال عملے سمیت دیگر برطانوی شہریوں نے مرحوم مسلمان سرجن صادق الہؤش کو تالیاں بجا کر پھولوں کا نذرانہ پیش کیا۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں کورونا وائرس کے خلاف بر سر پیکار مسلمان سرجن صادق الہؤش میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد وہ مہلک وائرس سے لڑتے لڑتے زندگی کی بازی ہار گئے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق سینٹ ہیلنس اسپتال سے متعلق سرجن صادق الہؤش کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد وہ جان کی بازی ہار گئے، مرحوم نے این ایچ ایس ٹرسٹ کے لیے 17 سال سے زائد عرصہ کام کیا۔ صادق الہؤش کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ وہ ایک شاندار شوہر تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مرحوم کی وفات کے غم کو لفظوں میں بیان نہیں کر سکتیں۔ مرحوم سرجن صادق الہؤش کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پیشے سے محبت رکھنے والے انسان تھے۔ ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹو نے صادق الہؤش کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ وہ ہماری ٹیم کا ایک نایاب ہیرا تھے۔ مرحوم صادق الہؤش کے ساتھی روی گدینا کا کہنا تھا کہ وہ سبھی کی مدد کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے تھے اور اپنے ساتھیوں اور مریضوں کے لیے جو کچھ کر سکتے تھے وہ کرتے تھے اور خوش ہوتے تھے۔ مسلمان سرجن صادق الہؤش کی کورونا سے لڑتے لڑتے وفات پر برطانوی عوام نے انہیں بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا اور ان کے لیے بڑی تعداد میں کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں۔ اس عمل میں اسپتال کا عملہ بھی پیش پیش تھا۔ مرحوم کو پھولوں کا نذرانہ بھی پیش کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 858187
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش