QR CodeQR Code

مرتے دم تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے، عارف علوی

22 Apr 2020 23:35

مظفر آباد میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی بمباری کی سخت مذمت کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ سلامتی کونسل کو اس پر نظر رکھنی چاہیے۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کیلئے حفاظتی سامان آزاد کشمیر حکومت کے حوالے کیا۔


اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مظفر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر بڑی گنوں کے ساتھ شیلنگ کررہا ہے، میں اس کی مذمت کرتا ہوں، میں مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ براہ راست بات کرنا چاہتا ہوں کہ جو ظلم و تشدد آپ کے ساتھ ہو رہا ہے، اس میں آپ اپنے آپ کو اکیلا مت سمجھیں ہم آپ کے ساتھ ہیں اور مرتے دم تک ہم آپ کے ساتھ کھڑے رہیں گے، آپ کے ساتھ جو رہا ہے اس سے ملتا جلتا باقی بھارت کے مسلمانوں کے ساتھ بھی ہورہا ہے، جس تعصب کے ساتھ وہاں ظلم ہو رہا ہے، اس سے کہیں زیادہ ظلم آپ سہہ چکے ہیں۔ اس موقع پر میں آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان اور وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل بھی موجود تھے۔ صدر علوی نے کہا کشمیر کے عوام بھی حکومت کے مشوروں کے مطابق ہی ہر قدم اٹھائیں، علما نے مل کر 20 نکاتی بات طے کر لی اس کی پابندی فرض ہوگئی، یہ اجماع ہے۔ انہوں نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی بمباری کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کو اس پر نظر رکھنی چاہیے۔ صدر عارف علوی نے مظفرآباد میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کیلئے حفاظتی سامان آزاد کشمیر حکومت کے حوالے کیا، جبکہ انہیں کورونا کی صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی۔ دریں اثناء صدر عارف علوی نے ایوان صدر میں مہمانوں کیلئے رکھی گئی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔


خبر کا کوڈ: 858357

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/858357/مرتے-دم-تک-کشمیریوں-کے-ساتھ-کھڑے-رہیں-گے-عارف-علوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org