0
Thursday 23 Apr 2020 20:21

صوبے میں کورونا وائرس سے کراچی کے 3 اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے، وزیراعلیٰ سندھ

صوبے میں کورونا وائرس سے کراچی کے 3 اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے، وزیراعلیٰ سندھ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس سے صوبے کے دارالحکومت کراچی کے 3 اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کی صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کل تک ہم نے صوبے میں 30 ہزار 3 سو 46 ٹیسٹ کئے تھے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 6 سو 82 ٹیسٹ کئے جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی تعداد 33 ہزار 28 ٹیسٹ ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کورونا کے مزید 2 سو 98 کیسز مثبت آئے جس کے ساتھ ہی مجموعی کیسز کی تعداد 3 ہزار 671 ہوگئی ہے۔ اپنے پیغام میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا وائرس سے اب تک 730 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جو مجموعی کیسز کا 20 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سامنے آنے والے 298 کیسز میں سے 10 تبلیغی جماعت کے جبکہ 288 دیگر ہیں جو صوبے میں کئے جانے والے ٹیسٹ کی مجموعی تعداد کا 11.1 فیصد ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے باعث مزید 4 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 73 ہوگئی جو کل مریضوں کا 1.98 فیصد ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس وقت سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 9 سو 34 ہے جن میں سے ایک ہزار 8 سو 71 مریض گھروں میں آئسولیٹ ہیں، 6 سو 40 آئسولیشن مراکز اور 4 سو 23 مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تبلیغی جماعت کے 5 ہزار ایک سو 2 لوگوں کا ٹیسٹ کیا ہے جن میں سے 7 سو 64 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جبکہ 4 ہزار 3 سو 21 کے نتائج منفی ہیں اور دیگر 17 کے نتائج آنا باقی ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 3 اضلاع کراچی کے ہیں، جن میں ضلع جنوبی میں مجموعی طور پر 6 سو 46 کیسز ہیں ان میں سے 67 کیسز 24 گھنٹوں میں سامنے آئے۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے نمبر پر ضلع شرقی میں 4 سو 91 کیسز ہیں جن میں سے 25 کیسز گزشتہ 24 گھنٹے میں سامنے آئے۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ متاثرہ ضلع وسطی ہے جہاں مجموعی کیسز کی تعداد 4 سو 36 ہے ان میں سے 29 گزشتہ 24 گھنٹے میں سامنے آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ 17 اپریل کو بیرون ملک سے واپس آنے والے افراد کا ٹیسٹ کیا گیا تھا اور سب کے نتائج منفی آئے تھے، جس کے بعد جکارتا سے آنے والی پرواز کے 2 سو 21 مسافروں کا ٹیسٹ کیا گیا جس میں سے 36 کے نتائج مثبت آئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 19 اپریل کو انگولا سے 2 چارٹر فلائٹس آئی تھیں جن سے واپس آنے والے تمام 30 مسافروں کے ٹیسٹ منفی آئے تھے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ 20 اور 21 اپریل کو دبئی سے 2 پروازیں آئی تھیں جن میں مجموعی طور پر 5 سو 10 مسافروں میں سے 22 کے نتائج مثبت آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جکارتا سے آنے والے ان 36 اور دبئی سے آنے والے 22 افراد ایکسپو سینٹر میں زیرِ علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے جامعہ کراچی کے انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل ریسرچ میں پاکستان کی سب سے بڑی بائیو سیفٹی لیول تھری لیبارٹری قائم کردی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ یہ لیبارٹری آج سے فعال ہوگئی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر 8 سو ٹیسٹ کرے گی اور 3 ہفتوں بعد لیب کی صلاحیت بڑھ کر 2 ہزار 4 سو ہوجائے گی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ بہت ضروری ہے کہ کووڈ- 19 کی آزمائش پر قابو پانے کے لئے سماجی دوری اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ آنے والا ہے گھروں میں بیٹھ کر عبادات کریں تاکہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس آزمائش سے جلد نکالے۔
خبر کا کوڈ : 858544
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش