0
Thursday 23 Apr 2020 20:46

گلگت، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کیخلاف عدالت میں درخواست دائر

گلگت، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کیخلاف عدالت میں درخواست دائر
اسلام ٹائمز۔ قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی کیپٹن (ر) محمد شفیع نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کے خلاف چیف کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گلگت بلتستان حکومت نے کرونا فنڈ کیلئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے 5 روز کی تنخواہ کاٹنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جو کہ جی بی کے سرکاری ملازمین کے ساتھ سراسر ظلم اور ناانصافی ہے، لہذا اس نوٹیفکیشن کو منسوخ کیا جائے۔ قائد حزب اختلاف نے عدالت میں کیس دائر کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت آخری ایام میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر ہاتھ صاف کرنے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے، خدشہ ہے کہ اس فنڈ کو بھی اپنے ورکروں میں تقسیم کیا جائے گا، اس لئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے، مجھے امید ہے عدالت عالیہ سرکاری ملازمین کے ساتھ کسی صورت ناانصافی ہونے نہیں دے گی۔ انہوں نے مذید کہا کہ سرکاری ملازمین کوئی غیر نہیں وہ بھی گلگت بلتستان کے شہری ہیں اور لاک ڈاون کی وجہ سے وہ بھی متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کرونا فنڈ کے لیے ایک جامع پالیسی بنائی ہے جس کے تحت سکیل 1 سے 16 تک کے ملازمین کی ایک روز کی تنخواہ، سکیل 17 سے 19 کے ملازمین سے 2 روز کی تنخواہ اور سکیل 20 سے اوپر کے ملازمین سے 3 روز کی تنخواہ کاٹنے کا نوٹیفکیشن کیا ہے مگر حکومت گلگت بلتستان نے تمام سرکاری ملازمین سے یکساں 5 روز کی تنخواہ کاٹنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جو سرکاری ملازمین کے ساتھ ظلم ہے اور ہم اس ظلم کے خلاف ہیں اور حکومت کے اس فیصلے کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹهائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 858550
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش