QR CodeQR Code

بھارت فلسطین کی طرح کشمیر میں آبادی کا توازن بگاڑ رہا ہے، علامہ نیاز نقوی

23 Apr 2020 20:58

طلبہ سے گفتگو میں وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ بھارت اسرائیل تعلقات کا پہلا ہدف ریاست کشمیر کے مظلوم مسلمان ہیں، عالم اسلام، او آئی سی کشمیر بارے ایران کی طرح مظلوم کشمیریوں اور پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت کریں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے مجبور کشمیریوں کا ہندووں کو زمینیں بیچنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت فلسطین کی طرح کشمیر میں غیر مسلم آباد کاروں کے ذریعہ آبادی کا توازن بگاڑنا چاہتی ہے۔ غیر آئینی طور پر کشمیر کی خود مختاری ختم کرنے کے ریاستی مظالم اور اگست 2019 سے جبری لاک ڈاون کے باعث محصور اور بے بس کشمیریوں کا ہندووں کو اپنی املاک بیچنا نہایت تشویشناک ہے۔ لاہور میں طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جو کام یہودی آبادکاروں کے ذریعہ کیا گیا، متعصب ہندو ذہنیت وُہی کشمیر میں دہرانا چاہتی ہے تاکہ کشمیروں کو اپنے ہی وطن سے بے دخل کر دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت اسرائیل تعلقات کا پہلا ہدف ریاست کشمیر کے مظلوم مسلمان ہیں، عالم اسلام، او آئی سی کشمیر بارے ایران کی طرح مظلوم کشمیریوں اور پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت کریں۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ دینی و فقہی لحاظ سے مسلمان آبادیوں میں غیر مسلموں کا نفوذ اور ان کی منظم آباد کاری جائز نہیں جس کا پورے عالم اسلام کو نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ کشمیری عوام اپنے دین اور نظریہ آزادی کیساتھ اپنی املاک کی بھی حفاظت کریں۔ کشمیر میں ہندووں کی آباد کاری کے مذموم بھارتی عزائم کو ناکام بنانا ہر کشمیری کا دینی فریضہ ہے۔


خبر کا کوڈ: 858553

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/858553/بھارت-فلسطین-کی-طرح-کشمیر-میں-ا-بادی-کا-توازن-بگاڑ-رہا-ہے-علامہ-نیاز-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org