0
Thursday 23 Apr 2020 22:39

پہلا ایرانی دفاعی سیٹیلائٹ، امریکہ نزدیک سے ایران کی نگرانی کر رہا ہے، ٹرمپ

پہلا ایرانی دفاعی سیٹیلائٹ، امریکہ نزدیک سے ایران کی نگرانی کر رہا ہے، ٹرمپ
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے انقلابی گارڈز سپاہ پاسداران کی طرف سے تاریخ کے پہلے ایرانی دفاعی سیٹیلائٹ کے کامیابی کے ساتھ فضا میں بھیجے جانے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ واشنگٹن نزدیک سے ایران کی نگرانی کر رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے اندر منعقد ہونے والی اپنی ایک پریس کانفرنس میں اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم زیادہ تر ایرانیوں کے ذریعے ہی ان کے بارے میں جانتے ہیں۔

دوسری طرف امریکی نیوز چینل سی این این نے وزارت دفاع کے 2 اعلی افسران کے زبانی نقل کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن جان چکا ہے کہ ایران نے اپنی تاریخ کا پہلا دفاعی سیٹیلائٹ کامیابی کے ساتھ فضا میں پہنچا دیا ہے۔ اس امریکی نیوز چینل نے دعوی کیا کہ ایران کا یہ اقدام انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس سیٹیلائٹ کو فضا میں بھیجنے کے لئے وہی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کو لانچ کرنے کے لئے ضروری ہے لہذا اب تہران دنیا میں کسی بھی مقام پر اپنے دشمن کو بیلسٹک میزائلوں کا نشانہ بنانے کی طاقت حاصل کر چکا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایرانی انقلابی گارڈز سپاہ پاسداران کی طرف سے تاریخ میں پہلی مرتبہ فوجی مقاصد کے لئے استعمال ہونے والے سیٹیلائٹ کو فضا میں بھیجا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق مکمل طور پر ملک میں تیار کردہ یہ دفاعی سیٹیلائٹ ایران کے مرکزی علاقے "کویر مرکزی" سے 3 مراحل کے حامل سیٹیلائٹ کیریئر "قاصدک" کے ذریعے فضا میں بھیجا گیا جہاں وہ زمین سے 425 کلومیٹرز کے فاصلے پر موجود اپنے مدار میں کامیابی کے ساتھ پہنچ چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 858567
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش