0
Friday 24 Apr 2020 00:02

عالمی وباء کورونا سے لڑنے اور بھیک مانگنے والوں میں ذرا فرق کرنا سیکھیں، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

عالمی وباء کورونا سے لڑنے اور بھیک مانگنے والوں میں ذرا فرق کرنا سیکھیں، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب
اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی وباء کورونا سے لڑنے اور بھیک مانگنے والوں میں ذرا فرق کرنا سیکھیں، شہباز گل صاحب آپ کی حکومت کورونا جیسی وباء میں کشکول لیکر گھوم رہی ہے، پی ٹی آئی کے نااہلوں کے علاوہ دنیا سندھ حکومت کی معترف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات سیاست کے نہیں باہمی اتحاد کے متقاضی ہیں شہباز گل صاحب آپ کی تربیت میں دوسروں کو گالی دینا شامل ہے، آپ حقیقت سے منہ نہیں چرا سکتے، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان میں کورونا سے لڑنے میں پہل کی، کم عمر سیاستدان ہونے کے باوجود بلاول بھٹو زرداری نے بڑے پن کا ثبوت دیا، بلاول بھٹو کی تربیت اس خاتون وزیراعظم نے کی جو دنیا کے لئے آج بھی مثال ہے اور جناب جس وقت سندھ حکومت نے کورونا کے خلاف قدم ا ٹھایا تھا آپ اس وقت بھی بغلیں بجانے اور طنز کے نشتر برسانے میں تھے، خدا نہ کرے آپکی حکومت کی نااہلی کی سزا قوم کو بھگتنا پڑے۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ جناب رونے دھونے اور کشکول لیکر گھومنے سے نہیں عملی کام کرنے سے کورونا سے جان چھوٹے گی۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے وفاقی حکومت کی سندھ کے لئے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے امداد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپکی حکومت نے نامکمل کٹس سندھ حکومت کو بھیج کر اپنی اہلیت ثابت کردی کہ وہ سندھ حکومت اور سندھ کے عوام کے ساتھ کتنی مخلص ہے، آپکی حکومت کے ڈیڑھ سال انگنت سیاہ کارناموں سے بھرے ہوئے ہیں۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ الزام تراشی، بہتان لگانے اور کام کرنے والوں کو پوری قوم جان چکی ہے، آٹا چینی چور کوئی اور نہیں آپ کے اپنے ہیں، قوم چینی چوروں اور انکے پشت پناہوں کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کررہی ہے، ذرا اس پر دھیان دیں، بغلیں بجا کر اور بیان بازی سے چینی چوروں کو نہیں بچایا جاسکتا۔
خبر کا کوڈ : 858586
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش