QR CodeQR Code

سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام آج ملک بھر میں یوم توبہ منایا گیا

24 Apr 2020 21:14

یوم توبہ کے موقع پر سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توبہ انسان کی پہلی، درمیانی اورآخری منزل ہے۔ توبہ دل کا نور ہے اور نفس کی پاکیزگی ہے۔ گناہوں پر نادم ہونے سے ہی گناہوں پر معافی مل جاتی ہے۔ علماء کرام بیس نکاتی ایجنڈے پر عمل کریں اور مسلمان اپنی جان کی حفاظت کریں۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کی اپیل پر جمعتہ المبارک 24 اپریل کو کرونا وائرس کی وبا سے نجات کیلئے ملک گیر ”یوم توبہ“ منایا گیا۔ اس موقع پر چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سمیت گلگت بلتستان میں علماء کرام نے اجتماعی توبہ کے اثرات پر خطبات جمعہ دیئے۔ وزیراعظم اور صدر کی ہدایات کی روشنی میں جمعہ کے اجتماعات میں 20 نکاتی معاہدے کی عملی پاسداری کی گئی۔ یوم توبہ کے موقع پر سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توبہ انسان کی پہلی، درمیانی اورآخری منزل ہے۔ توبہ دل کا نور ہے اور نفس کی پاکیزگی ہے۔ گناہوں پر نادم ہونے سے ہی گناہوں پر معافی مل جاتی ہے۔ علماء کرام بیس نکاتی ایجنڈے پر عمل کریں اور مسلمان اپنی جان کی حفاظت کریں۔

انہوں نے کہا کہ مساجد کی عبادات کو محدود اور گھروں میں عبادات کو لامحدود کرنا ہوگا۔ مساجد کو جو ہدایات دی گئی ہیں اس پر سختی سے عمل ہو رہا ہے۔ سندھ حکومت کا مساجد بند کرنے کا اچانک اعلان افسوسناک ہے۔ اللہ تعالی کے فرمان کے مطابق جب اللہ کے سامنے سچی او ر خالص توبہ کی جائے تو اللہ اس گناہ کو دور کردیتا ہے۔ سچی توبہ کرنے سے بندے کے گناہ معاف ہو جاتے ہیں۔ مفتی محمد حسیب قادری نے المرکز الاسلامی شاد باغ لاہورمیں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو کثرت سے رب کے حضور گناہوں کی معافی طلب کرنا ہوگی۔ اللہ کے بندوں کو توبہ کرنے میں جلدی اختیار کرنا ہوگی۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جو توبہ نہیں کرتے وہی ظالم لوگ ہیں۔ صاحبزادہ حسین رضا نے جامع مسجد سنہری فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحیثت قوم ہر شخص تنہائی میں کثرت استغفار کرے۔ اللہ تعالیٰ گناہ اور معصیت کو پسند نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ توبہ انسان کو اسکی حقیقی زندگی کی طرف رہنمائی کرتی ہے۔ مولانا فضل سبحان رضوی نے پشاور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توبہ سے قبر جنت کے باغوں میں سے ایک باغ بن سکتی ہے۔توبہ صرف گنہگاروں کے ساتھ خاص نہیں بلکہ سب ایمان والوں کو توبہ کا حکم دیا گیا ہے۔ مولانا محمد ریاض الحسن اویسی نے بہاول پور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل ایمان رحیم و کریم اللہ سے اپنا تعلق جوڑیں۔ یوم توبہ کے موقع پر سکھر، کراچی، ملتان، وہاڑی، میانوالی ، بھکر، پنڈدادنخان سمیت مختلف شہروں میں اجتماعی توبہ کے موضوع پر خطبات جمعہ دیئے گئے۔


خبر کا کوڈ: 858724

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/858724/سنی-اتحاد-کونسل-کے-زیراہتمام-ا-ج-ملک-بھر-میں-یوم-توبہ-منایا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org