0
Friday 24 Apr 2020 23:28

سندھ میں شام 5 تا رات 8 بجے شہریوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی عائد

سندھ میں شام 5 تا رات 8 بجے شہریوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی عائد
اسلام ٹائمز۔ صوبہ سندھ میں ماہ رمضان المبارک میں شہریوں پر شام 5 بجے سے رات 8 بجے تک گھروں سے نکلنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے ماہ رمضان المبارک کیلئے ایس او پیز جاری کر دی ہیں، جس کے تحت تراویح نماز کی ادائیگی گھروں پر ہوگی اور شام 5 بجے سے رات 8 بجے تک شہریوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی ہوگی۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں کریانہ اسٹورز، سبزی اور گوشت کی دکانیں صبح 8 بجے سے شام 5 تک کھلی رہیں گی، اور دودھ کی دکانوں کو رات آٹھ بجے تک کام کی اجازت ہوگی، جبکہ ریستوران کو تیار کھانے شام 5 سے رات 10 بجے تک ڈیلیوری کی اجازت ہوگی۔

حکم نامے کے مطابق افطار کے روایتی پکوان فروٹ چاٹ، سموسے اور  پکوڑے کے اسٹالز لگانا ممنوع ہوگا، فروٹ چاٹ، سموسے، پکوڑے، جلیبی اور دیگر روایتی پکوان ہوم ڈیلیوری کیے جا سکیں گے، ہوٹلز میں ٹیک اوے کی اجازت نہیں ہوگی، ریستوران ہوم ڈیلیوری ڈرائیو تھرو سروس شام 5 سے رات 10 بجے تک کرسکیں گے، پبلک ٹرانسپورٹ، ڈبل سواری اور عمومی کاروباری سرگرمیوں پر پابندی ہوگی۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ احترام رمضان آرڈیننس پر سختی سے عمل کرنا ہوگا، کسی پیداواری، غیر پیداواری یونٹ یا دکان مالک نے حکمنامے کی خلاف ورزی کی، تو انکی کاروباری سرگرمی مکمل بند کر دی جائے گی۔

خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سندھ وبائی امراض کنٹرول ایکٹ 2014ء کے سیکشن 4 کے مطابق کارروائی ہوگی۔ صوبائی محکمہ داخلہ نے طبی ماہرین کی مشاورت سے مساجد میں نماز سے متعلق پابندیوں کا نوٹفکیشن بھی جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ تراویح اور فرض نمازیں گھروں میں ادا کی جائیں، فرض نمازوں اور تراویح سے متعلق حکمنامہ 23 اپریل سے نافذ العمل ہوگا اور حکمنامے کا اطلاق رمضان کے اختتام تک ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 858776
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش