QR CodeQR Code

نام نہاد سعودی اعلان جھوٹ کا پلندہ ہے، جب "جنگ بندی" ہی نہیں تو "توسیع" کیسی؟، محمد البخیتی

25 Apr 2020 09:01

انصاراللہ یمن کے مرکزی سیاسی رہنما نے ٹوئٹر پر جاری ہونیوالے اپنے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ جو کچھ میدان میں موجود ہے "سعودی حملوں میں کئی گنا شدت" ہے اور سعودی عرب نے اسی چیز میں "توسیع" کا اعلان بھی کیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ سعودی عرب کیطرف سے جنگ بندی کا اعلان جھوٹ اور فریب سے بڑھ کر کچھ نہیں جسکا مقصد (یمن کے مرکزی صوبے) مأرب میں اُسے ہونیوالی شکست فاش پر پردہ ڈالنا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ یمنی مزاحمتی تحریک انصاراللہ کے مرکزی رہنما محمد البخیتی نے جارح سعودی فوجی اتحاد کی طرف سے کئے جانے والے نام نہاد جنگ بندی کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ جارح سعودی فوجی اتحاد کی طرف سے نام نہاد جنگ بندی کا ڈرامہ اُسے ملنے والی عظیم شکست پر پردہ ڈالنے کے لئے رچایا جا رہا ہے۔ انصاراللہ کے مرکزی رہنما نے گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران جارح سعودی فوجی اتحاد کی طرف سے نام نہاد سیز فائر کے اعلان کے باوجود یمن پر مسلسل سعودی حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یمن پر مسلط کردہ جنگ میں کسی قسم کا "سیز فائر" موجود نہیں۔

انصاراللہ یمن کے مرکزی سیاسی رہنما محمد البخیتی نے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں لکھا کہ جب "جنگ بندی" ہی موجود نہیں تو سعودی عرب کس چیز کی "توسیع" میں لگا ہوا ہے؟ انہوں نے لکھا کہ جو کچھ میدان میں موجود ہے "سعودی حملوں میں کئی گنا شدت" ہے اور سعودی عرب نے اسی چیز میں "توسیع" کا اعلان بھی کیا ہے۔ محمد البخیتی نے جارح سعودی عرب کی طرف سے جنگ بندی کے جھوٹے دعوے کے مقصد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا کہ سعودی عرب کی طرف سے جنگ بندی کا اعلان جھوٹ اور فریب سے بڑھ کر کچھ نہیں جس کا مقصد (یمن کے مرکزی صوبے) مأرب میں اُسے ملنے والی شکست فاش پر پردہ ڈالنا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز جارح سعودی فوجی اتحاد نے اپنے 2 ہفتے قبل کے عارضی سیز فائر میں مزید 1 ماہ کی توسیع کا اعلان کیا تھا جس کے جواب میں یمنی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے سعودی سیز فائر کے دوران یمن پر کم از کم 500 مرتبہ حملہ کیا گیا ہے لہذا سعودی سیز فائر عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے علاوہ کچھ نہیں۔ اس حوالے سے یمنی مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحیی سریع نے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں سعودی سیز فائر کے دعوے کو "جھوٹ کا پلندہ" قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ جارح سعودی فوجی اتحاد نے جنگ بندی پر مبنی اپنے یکطرفہ اعلان کے باوجود یمن پر متعدد زمینی حملے کئے ہیں جبکہ یمنی مسلح افواج اور عوامی مزاحمتی فورسز نے یمنی صوبہ مأرب پر حال ہی میں ہونے والے ایک وسیع سعودی حملے کو بھی ناکام بنایا ہے۔


خبر کا کوڈ: 858812

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/858812/نام-نہاد-سعودی-اعلان-جھوٹ-کا-پلندہ-ہے-جب-جنگ-بندی-ہی-نہیں-توسیع-کیسی-محمد-البخیتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org