0
Sunday 26 Apr 2020 16:19

تاجر اتحاد خیبر پختونخوا نے دکانیں 4 بجے تک بند کرنیکا حکومتی فیصلہ مسترد کر دیا

تاجر اتحاد خیبر پختونخوا نے دکانیں 4 بجے تک بند کرنیکا حکومتی فیصلہ مسترد کر دیا
اسلام ٹائمز۔ تاجر اتحاد خیبر پختونخوا نے صوبائی حکومت کے دکانوں سے متعلق اوقات کار کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے فوری طور پر اس فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ اتحاد کا موقف ہے کہ حکومت کا یہ فیصلہ تاجروں کے زخموں پر مزید نمک چھڑکنے کے مترادف ہے، کیونکہ لاک ڈاؤن سے پہلے ہی تاجروں کی کمر توڑ دی گئی ہے اور اب رمضان کے مہینے میں تاجروں کو چار بجے تک دکانیں بند کرنے کا فیصلہ انہیں مزید مشکلات سے دوچار کر دے گا۔ تاجر اتحاد خیبر پختونخوا کے صدر مجیب الرحمان کی صدارت میں اجلاس ہوا، جس میں شوکت اللہ ہمدرد، میاں اختر اور دیگر صدور نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجیب الرحمان نے کہا کہ اگر خیبر پختونخوا میں سب فیصلے وفاقی حکومت نے ہی کرنے ہیں تو پھر صوبائی حکومت مستعفی ہو جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کاروبار کرنے کیلئے تاجروں کو شام چار بجے سے رات آٹھ بجے تک دکانیں کھولے رکھنے کی اجازت دی گئی ہے، جو کہ احسن اقدام ہے، لیکن اس کے برعکس پختونخوا میں تاجروں کو مزید معاشی طور پر بدحال کر دیا گیا ہے، کیونکہ رمضان کے مہینے میں شام چار بجے کے بعد ہی شہری سودا سلف کیلئے بازاروں کا رخ کرتے ہیں اور افطاری کے بعد عید کیلئے خریداری کی جاتی ہے، لیکن حکومت نے چار بجے کے بعد ہر قسم کی دکانیں مکمل طور پر بند رکھنے کا اعلان کرکے دکانداروں کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی مایوس کر دیا ہے، لہذا حکومت فوری طور پر اپنے اس احمقانہ فیصلے پر نظرثانی کرے، بصورت دیگر راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوجائینگے۔
خبر کا کوڈ : 859086
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش