0
Sunday 26 Apr 2020 16:33

بھارتی تعصب نے ثابت کر دیا مسلمانوں کا انڈیا میں رہنے کا فیصلہ غلط تھا، اعجاز ہاشمی

بھارتی تعصب نے ثابت کر دیا مسلمانوں کا انڈیا میں رہنے کا فیصلہ غلط تھا، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے نام پر مسلمانوں کیخلاف بھارتی تعصب قابل مذمت ہے۔ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو ہندوستان میں مسلمانوں کیخلاف امتیازی سلوک اور تعصب کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس عالمی وبا ہے جس کا کوئی بھی شکار ہو سکتا ہے، اسے کسی ملک، مذہب یا مسلک سے جوڑنا قابل مذمت ہے۔ دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی ادارے نفرت کا تدارک کریں۔ چین سے شروع ہونیوالے وائرس پر سب سے پہلے نیم پاگل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر الزام عائد کیا جبکہ چین اور ایران، اس کا موجد امریکہ کو قرار دے رہے ہیں۔

لاہور میں جے یو پی کی میڈیا ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے تشویش کا اظہار کیا کہ سوشل میڈیا کو تعصب کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، اس لئے خدشہ ہے کہ آنے والے دنوں میں معاشرتی طور پر تقسیم طبقات میں نفرتیں جنم لیں گی۔ جو کورونا وائرس سے بھی زیادہ خطرناک ہوں گی۔ دنیا کو بچانے کیلئے دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ذمہ داری کا ثبوت دینا ہوگا لیکن جو ظالمانہ رویہ گجرات کا قصائی مودی مسلمانوں کے خلاف اپنائے ہوئے ہے اور بھارت میں مسلمانوں کیخلاف جس نفرت کا اظہار کیا جا رہا ہے وہ کورونا وائرس سے زیادہ خطرناک ہے۔ اس حوالے سے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کا بیان قابل تحسین ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ بی جے پی حکومت بھارتی عوام کے درمیان فرقہ وارانہ کورونا وائرس پھیلانے کی ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر مسلمانوں کیخلاف نفرتیں اسی طرح جاری رہیں تو ان شاءاللہ ہندوستان میں ایک نیا پاکستان جنم لے گا اور اب تعصبات نے بھارت کے مسلمانوں پر ثابت کر دیا ہے کہ تقسیم ہندوستان کے وقت ان کا بھارت میں رہنے کا فیصلہ غلط تھا۔ حالات یہاں تک پہنچ چکے ہیں کہ مسلمان اقلیت ہندو اکثریت کو ملک سے اپنی وفاداری کی یقین دہانیاں کروا رہے ہیں، یہی وہ بات تھی جس کی طرف قائد اعظم محمد علی جناح متوجہ کرتے رہے لیکن افسوس کانگریسی ملاوں نے قیام پاکستان کی مخالفت کی اور قائد اعظم کو کافر اعظم کہتے رہے۔
خبر کا کوڈ : 859093
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش