QR CodeQR Code

تحریک انصاف کے رہنما سوشل میڈیا پر زہر اگل رہے ہیں، مرتضیٰ وہاب

27 Apr 2020 00:32

ایک بیان میں ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ حلیم عادل شیخ نے جعلی آڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بغیر کسی تصدیق کے شیئر کی ہیں جو سائبر کرائم کے زمرے میں آتا ہے، ان آڈیو ٹیپ میں صنعت کاروں اور تاجروں سے رشوت طلب کرنے کے الزامات لگائے گئے جو بعد میں خود تاجر رہنماؤں کی جانب سے مسترد کئے گئے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت کے ترجمان اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے خلاف گمراہ کن آڈیو اور ویڈیو ٹیپ چلائی گئی ہیں جس کے لئے ہم نے ایف آئی اے کو مراسلہ لکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے مقامی رہنما حلیم عادل شیخ نے بھی جعلی آڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بغیر کسی تصدیق کے شیئر کی ہیں جو سائبر کرائم کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان آڈیو ٹیپ میں صنعت کاروں اور تاجروں سے رشوت طلب کرنے کے الزامات لگائے گئے جو بعد میں خود تاجر رہنماؤں کی جانب سے مسترد کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس آڈیو ٹیپ کو پھیلانے کا مقصد سندھ حکومت کے خلاف من گھڑت پروپیگنڈا مہم چلانا تھا جس کی حقیقت عیاں ہوچکی ہے اور ہمیں عوام کی خدمت سے روکنا اور سندھ حکومت کو متزلزل کرنا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعت کاروں سے منسوب جعلی آڈیو ٹیپ میں بھتے کا الزام لگایا جبکہ سندھ حکومت نے صوبہ کے عوام کی بلا امتیاز خدمت کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور خدمت کرنے میں سندھ حکومت کی عوامی مثبت رائے نے مخالفین کو بوکھلا دیا ہے اور وہ کسی انجانے خوف کا شکار ہوچکے ہیں، سندھ حکومت کی جانب سے ارسال کئے گئے خط میں اس طرح کی مذموم آڈیو ٹیپ پھیلانے والوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور خط کے مندرجات میں اس امر پر زور دیا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء کے حفاظتی تناظر میں بعض عناصر سندھ حکومت کے اقدامات پر عمل درآمد نہ کرنے کیلئے تاجر برادری کو اکسا رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 859161

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/859161/تحریک-انصاف-کے-رہنما-سوشل-میڈیا-پر-زہر-اگل-رہے-ہیں-مرتضی-وہاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org