1
Monday 27 Apr 2020 03:21

فلسطین میں اسرائیل کی گرفتاری مہم جاری، دسیوں فلسطینی جوان و کمسن بچے گرفتار

فلسطین میں اسرائیل کی گرفتاری مہم جاری، دسیوں فلسطینی جوان و کمسن بچے گرفتار
اسلام ٹائمز۔ فلسطین کے مغربی کنارے اور مقبوضہ قدس میں اسرائیلی فورسز کی طرف سے فلسطینی جوانوں اور کمسن بچوں کی گرفتاری مہم ہنوز جاری ہے۔ دنیا بھر میں جاری کرونا وائرس کے بحران کے سائے میں غاصب صیہونی فوج نے فلسطینی علاقوں کے اندر گھس کر جوانوں اور حتی کمسن بچوں کو گرفتار کرنے کی اپنی مہم پورے زور و شور سے جاری رکھی ہوئی ہے۔ عرب اخبار القدس العربی کے مطابق گزشتہ روز صیہونی فوج نے مغربی کنارے کے شہر ترقومیا میں فلسطینی گھروں کے اندر گھس کر 2 فلسطینی جوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز غاصب صیہونی فوج نے اپنے کریک ڈاؤن آپریشن میں مقبوضہ قدس کے الطور نامی علاقے سے معروف فلسطینی شہید علی ابوغنام کے بھائی کو بھی گرفتار کر لیا جبکہ مقبوضہ قدس سے صیہونی فوج کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے فلسطینیوں میں العیسویہ کے 3 نوجوان اور بیت حنینا کے 2 کمسن بچے بھی شامل ہیں۔

غاصب صیہونی فوجیوں نے فلسطینی جوانوں کے خلاف اپنے آپریشن کے دوران مقبوضہ قدس کے علاقے سلوان میں فلسطینی شہریوں پر آنسوگیس شیلز اور صوتی بم بھی فائر کئے جس سے متعدد فلسطینی شہری زخمی ہو گئے اور فلسطینی املاک کو بھی نقصان پہنچا۔ مزید برآں غاصب صیہونی فوج نے مسجد اقصی کے باب الاسباط کے قریب نماز تراویح قائم کرنے والے متعدد فلسطینی جوانوں کو بھی گرفتار کر کے ان پر سنگین مالی جرمانے عائد کئے ہیں۔ واضح رہے کہ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی طرف سے مسلمانوں پر مسجد اقصی کے دروازے بند کر دیئے جانے کے بعد سے مقبوضہ قدس کے شہری مسجد اقصی کے اطراف میں نماز قائم کرتے ہیں جبکہ غاصب صیہونی فوجی روزہ دار مسلمانوں کو مسجد اقصی کے قریب جانے تک کی اجازت بھی نہیں دیتے۔
خبر کا کوڈ : 859168
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش