0
Monday 27 Apr 2020 21:16

لاک ڈاؤن سے متاثرہ عوام رمضان المبارک میں بھی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، علامہ احمد اقبال رضوی

لاک ڈاؤن سے متاثرہ عوام رمضان المبارک میں بھی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، علامہ احمد اقبال رضوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے ماہ رمضان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انتظامی معاملات پر اپنی گرفت مضبوط کرے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے باعث متوسط طبقہ پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہے۔ کاروبار کی بندش، معاشی مسائل اور بے روزگاری میں اضافے کا باعث بنی ہوئی ہے۔ ایسی صورتحال میں چاہیئے تو یہ تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جاتا، لیکن اس کے برعکس عوام کو ان سرمایہ داروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، جنہوں نے مافیا کی شکل میں ہر کاروبار میں اپنے پنجے گاڑے ہوئے ہیں۔ عام اشیائے خورد و نوش، سبزی اور پھلوں سمیت دیگر ضروریات زندگی کی من پسند داموں فروخت انتظامی معاملات سے حکومت کی عدم دلچسپی کا بین ثبوت ہے۔ روزمرہ استعمال کی اشیاء کو مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی ہونی چاہیئے، تاکہ مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئے عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی طرف سے شروع کیے جانے والا احساس پروگرام اپنے اہداف کی طرف مطلوبہ رفتار سے نہیں بڑھ رہا۔ اگر اس میں تیزی نہ لائی گئی تو غربت میں بے تحاشہ اضافہ اور عام آدمی کی زندگی شدید مشکلات کا شکار ہو جائے گی۔ مستحقین کے لیے شرائط میں نرمی برتی جانی چاہیئے، تاکہ کوئی بھی ضرورت مند اس حکومتی امداد سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیئے کہ وہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سماجی رابطوں میں طبی ہدایات کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ عوام کی ذرا سی بے احتیاطی پوری قوم کے لیے مشکلات کا باعث بن سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 859347
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش