0
Tuesday 28 Apr 2020 08:25

اینکر مبشر لقمان کے بعد پاکستانی فنکار بھی مولانا طارق جمیل کی حمایت میں کھڑے ہوگئے

اینکر مبشر لقمان کے بعد پاکستانی فنکار بھی مولانا طارق جمیل کی حمایت میں کھڑے ہوگئے
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے معروف اینکر مبشر لقمان کے بعد ملک کے فنکار بھی تبلیغی جماعت کے رہنماء اور ممتاز عالم دیں مولانا طارق جمیل کی حمایت میں میدان میں نکل آئے۔ اداکار عمران عباس، حمزہ علی عباسی، عمائمہ ملک، صبا قمر، اعجاز اسلم، فیروز خان، بلال قریشی، دانش تیمور سمیت دیگر فنکاروں نے ٹویٹر پر مولانا طارق جمیل کے موقف کو درست قرار دیدیا۔ فنکاروں نے مولانا طارق جمیل کیساتھ ماضی میں بنوائی گئی اپنی تصاویر بھی ٹویٹر پر شیئر کی ہیں۔ فنکاروں نے اپنے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ مولانا طارق جمیل نے اپنی دعا  میں ملک اور میڈیا کے حوالے سے جو جو کہا ہے، وہ درست ہے۔ فنکاروں کا کہنا ہے کہ ہمارے معاشرے میں جھوٹ اور عریانی بڑھ چکی ہے اور مولانا نے معاشرے کی بالکل درست عکاسی کی ہے، مولانا کی مخالفت کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑیں گی۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز معروف اینکر پرسن مبشر لقمان نے بھی مولانا طارق جمیل پر تنقید کرنیوالے اینکر پرسنز کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔ مبشر لقمان نے اپنے یوٹیوب چینل پر اپنے پروگرام میں کہا تھا کہ جو اینکر مولانا طارق جمیل پر تنقید کر رہے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ مولانا نے کس ٹی وی چینل کے مالک کو جھوٹا کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے کی درست عکاسی پر اینکر سیخ پا ہو رہے ہیں، مگر اینکر اس وقت کیوں نہیں بولتے جب صحافتی اداروں کے کارکنوں کو تین تین ماہ تنخواہ نہیں ملتی۔ مبشر لقمان نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ کون سا اینکر کتنا جھوٹ بولتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے، جو زبان کے شریف لوگ ہیں، وہ کسی کی مساجد اور گھروں پر قبضے نہیں کرتے، اگر یہی مولانا کسی کالعدم جماعت کے سربراہ ہوتے تو ہم دیکھتے کس طرح اینکر ان پر تنقید کرتے ہیں اور پھر ان کیخلاف کیا ردعمل آتا ہے، اینکرز میں اگر ہمت ہے تو کسی کالعدم جماعت کے سربراہ کے بارے میں ایسے ریمارکس دے کر دیکھ لیں، ان کو لگ پتہ جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 859407
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش