1
Wednesday 29 Apr 2020 07:16

شام، دیرالزور میں 2 امریکی فوجی لاپتہ 1 ہلاک، امریکی فوجی اتحاد کیطرف سے تردید کا اعلان

شام، دیرالزور میں 2 امریکی فوجی لاپتہ 1 ہلاک، امریکی فوجی اتحاد کیطرف سے تردید کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ شام کے مشرقی صوبے دیرالزور کے تیل سے مالامال علاقوں العمر اور التنک کے درمیانی رستے میں حملے کا شکار ہونے کے بعد لاپتہ ہونے جانے والے 2 امریکی فوجیوں کا تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا۔ تفصیلات کے مطابق جاری ہفتے سوموار کے روز امریکہ کی ایک فوجی گاڑی شامی صوبے دیرالزور کے علاقے العمر سے التنک کی جانب رواں دواں تھی کہ اچانک نامعلوم افراد کی جانب سے حملے کا نشانہ بن گئی جس کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔ "ھمر" ماڈل کی یہ امریکی فوجی گاڑی جو مکمل طور پر جل کر راکھ ہو چکی ہے، میں سے امریکی فوجیوں کی جلی ہوئی لاشوں کا کوئی سراغ نہیں ملا تھا جس کے بعد گاڑی کا معائنہ کرنے ولے امریکی ماہرین نے اس گاڑی میں موجود امریکی فوجیوں کی گمشدگی کا اعلان کر دیا تھا۔ امریکی ماہرین نے گم ہونے والے فوجیوں کے نام سرجنٹ برانڈن اور سپاہی مائیکل بتاتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ ان دونوں فوجیوں کا تعلق امریکی نیوی سے ہے۔

شامی میڈیا کے مطابق دیرالزور میں وقوع پذیر ہونے والے اس واقعے کے بعد سے پورے علاقے میں امریکی جنگی و ڈرون طیارے مسلسل پرواز کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دیرالزور کے علاقوں العمر اور التنک کے درمیان امریکی فوجی بغیر کسی احتیاطی تدابیر کے نقل و حرکت کرتے نظر آتے ہیں کیونکہ شامی تیل سے مالامال یہ علاقہ بھاری امریکی نفری کے کنٹرول میں ہے اور یہاں امریکی فوج اور اس کے اتحادیوں کی طرف سے وسیع فوجی گشت بھی کیا جاتا ہے۔ شامی تیل سے مالامال یہ علاقہ ایک صحراء کے مانند ہے اور یہاں دور دور تک انسانی آبادی کا کوئی نام و نشان نہیں۔ اطلاعات کے مطابق شامی علاقے دیرالزور میں اس حادثے کا شکار بن کر 1 ہیلی بورن امریکی فوجی بھی ہلاک ہوا ہے تاہم امریکہ نے مزاحمتی محاذ کی طرف سے پہنچنے والے نقصان کو مکمل طور پر خفیہ رکھنے کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔

دوسری طرف شامی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا اور بین الاقوامی میڈیا کی طرف سے اس خبر کے نشر کئے جانے کے 2 روز بعد شام میں موجود امریکی فوجی اتحاد کے ترجمان "مائیلز کاگینز" نے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں اس خبر کی تردید کرتے ہوئے شامی خبررساں ایجنسی سانا پر الزام عائد کیا اور کہا کہ شامی سرکاری خبررساں ایجنسی جھوٹی خبریں نشر کرتی ہے۔ واضح رہے کہ امریکی فوجی اتحاد کی طرف سے شامی سرکاری خبررساں ایجنسی پر جھوٹ لکھنے کا یہ الزام ایک ایسے وقت مین عائد کیا جا رہا ہے جب خود امریکی میڈیا کی طرف سے امریکی افواج پر مزاحمتی فورسز کی طرف سے پہنچائے جانے والے نقصان کی خبریں چھپائے جانے کا الزام عائد جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ 3 ہفتے قبل بھی شامی صوبے دیرالزور کے ہی شہر "الصور" میں امریکی قافلے پر حملہ کیا گیا تھا جس میں امریکہ کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا تھا جس پر مقامی میڈیا کی طرف سے خبر نشر ہو جانے کے بعد امریکی فورسز نے اسے چھپانے کی مکمل کوشش کی تھی۔
خبر کا کوڈ : 859638
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش