1
Wednesday 29 Apr 2020 14:24

سعودی جنگ بندی، یمن نے 2 بڑے سعودی حملے پسپا کر دیئے، دسیوں جارح فوجی ہلاک و گرفتار

سعودی جنگ بندی، یمن نے 2 بڑے سعودی حملے پسپا کر دیئے، دسیوں جارح فوجی ہلاک و گرفتار
اسلام ٹائمز۔ یمنی مسلح افواج نے صوبہ مأرب کے سرحدی علاقے میں جارح سعودی فوجی اتحاد کی طرف سے ہونے والے 2 وسیع زمینی حملوں کی خبر دی ہے۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحیی سریع نے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ یمنی مسلح افواج اور عوامی مزاحمتی فورسز نے جارح سعوی فوجی اتحاد کی طرف سے صوبہ مأرب کے مرکز اور جنوب مغرب کی سمت سے ہونے والے 2 وسیع زمینی حملوں کو، جو گزشتہ روز صبح سے لے کر سہ پہر تک جاری رہے، پسپا کر دیا ہے۔

یمنی مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحیی سریع نے اپنے پیغام میں لکھا کہ دونوں زمینی حملوں میں جارح سعودی فوجی اتحاد کو شدید مالی و جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے جس کے باوجود وہ کسی قسم کی پیشقدمی بھی نہیں کر پایا۔ انہوں نے لکھا کہ یمنی مسلح افواج اور عوامی مزاحمتی فورسز نے سعودی اتحاد کے دسیوں جارح فوجیوں کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔ جنرل یحیی سریع نے لکھا کہ علاوہ ازیں جارح سعودی اتحاد نے اپنے اعلان کردہ سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمنی صوبوں مأرب، جوف اور صعدہ کو بھی 16 سے زائد مرتبہ اپنے ہوائی حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

واضح رہے کہ جارح سعودی فوجی اتحاد نے دنیا بھر میں تیزی کے ساتھ پھیلتے کرونا وائرس سے مقابلے کی خاطر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیوگیوٹرس کی طرف سے ہونے والے فوری جنگ بندی کے مسلسل مطالبے کے جواب میں 9 اپریل 2020ء کے روز 2 ہفتوں پر مشتمل عارضی جنگ بندی کا اعلان تو کر دیا تھا مگر یمن پر ہونے والے اس کے زمینی و ہوائی حملوں میں نہ صرف کمی نہیں واقع نہیں ہوئی تھی بلکہ کئی گنا کا اضافہ بھی ہو گیا تھا۔

اس حوالے سے یمنی حکام نے شدید ہوائی و زمینی حملوں کے ہمراہ اعلان کئے جانے والے یکطرفہ سعودی سیز فائر کو عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک یمن کے خلاف گزشتہ 5 سالوں سے جاری سرحدی محاصرہ ختم نہیں کیا جاتا، یمن کسی قسم کا سیز فائر قبول نہیں کرے گا۔ یاد رہے کہ جارح سعودی اتحاد نے اپنے نام نہاد سیز فائر کی مدت میں گزشتہ جمعے کے روز 1 ماہ کی توسیع کا اعلان کیا تھا جسے یمن کی طرف سے "سیز فائر کے خلاف جاری سعودی حملوں میں 1 ماہ کی توسیع" قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 859685
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش