QR CodeQR Code

حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث عوام فاقہ کشی کا شکار ہوگئے، محمد حسین محنتی

29 Apr 2020 19:06

الخدمت تندور کے افتتاح کے موقع جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے کہا کہ کورونا کے ساتھ جینا سیکھنا پڑے گا، اس وبا سے ڈرنا و لڑنا نہیں بلکہ بچنا ہے اور ڈرنا صرف اللہ کی ذات سے ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کورونا کے ساتھ جینا سیکھنا پڑے گا، اس وبا سے ڈرنا و لڑنا نہیں بلکہ بچنا ہے اور ڈرنا صرف اللہ کی ذات سے ہے، لاک ڈاﺅن نے غریب اور سفید پوش طبقے کو سڑکوں پر لاکھڑا کیا ہے، غریب اور مفلوک الحال طبقہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں فاقہ کشی کا شکار ہو چکا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت کی جانب سے کورنگی جے ایریا کراچی میں "الخدمت سستی روٹی" تندور کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ آج ایک چھوٹے سے اور نہ نظر آنے والے کیڑے نے دنیا کی تمام سپر طاقتوں کو ڈھیر کر دیا ہے، ان کا غرور اور تکبر آج ملیا میٹ ہو چکا ہے اور ان کی تمام ٹیکنالوجی و سائنس ایٹمی صلاحییتں سب خاک میں مل گئی ہیں اور آج ثابت ہوگیا ہے کہ سپر طاقت کوئی اور نہیں صرف اللہ ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ آج وفاق کے پاس بارہ تیرہ سو ارب روپے موجود ہیں، یہ پیسہ ایمان داری و دیانت داری کے ساتھ خرچ کیا جائے اور لوگوں کے گھروں میں راشن پانی اور امدادی رقم پہنچا کر کرفیو بھی لگا دیا جاتا، تو عوام یہ سب برداشت کر لیتے۔ انہوں نے کہا کہ آج وفاق اور سندھ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوام کے مفاد میں حکومت کے ساتھ سو فیصد تعاون کیا، لیکن اس کا کوئی فائدہ عوام کو نہیں پہنچا، آج غریب لوگ راشن کے چکر میں فقیر بنے ہوئے ہیں اور کوئی مدد نہیں کر رہا ہے، جبکہ سارے وسائل و طاقت حکومت کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور سندھ حکومت ساتھ کام کرتے، تو آج غریبوں کو سڑکوں پر نہ آنا پڑتا، وسائل کا رونا رونے والے کراچی کے عوام کو اور کب تک بے وقوف بناتے رہینگے۔


خبر کا کوڈ: 859732

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/859732/حکمرانوں-کی-غلط-پالیسیوں-کے-باعث-عوام-فاقہ-کشی-کا-شکار-ہوگئے-محمد-حسین-محنتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org