0
Wednesday 29 Apr 2020 20:52

کورونا کو کنٹرول کرنے کیلئے کوہاٹ کے علماء کرام اور انتظامیہ کا 20 نکاتی متفقہ لائحہ عمل

کورونا کو کنٹرول کرنے کیلئے کوہاٹ کے علماء کرام اور انتظامیہ کا 20 نکاتی متفقہ لائحہ عمل
اسلام ٹائمز۔ کوہاٹ کے علماء کرام، محکمہ صحت اور پولیس نے انسداد کورونا اقدامات کے 20 نکاتی متفقہ اعلامیہ پر عملدرآمد کیلئے مشترکہ لائحہ عمل طے کرلیا ہے۔ اس حوالے سے پولیس کلب کوہاٹ میں مشترکہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن (ر) منصور امان، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹر یونس ندیم، ڈسٹرکٹ خطیب کوہاٹ مفتی شفیع اللہ، ایس پی آپریشنز کوہاٹ طاہر اقبال، تمام سرکل ڈی ایس پیز، تھانوں کے ایس ایچ اوز اور مختلف مکاتب فکر کے جید علمائے کرام نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سماجی فاصلوں اور کارآمد ثابت ہونیوالی جملہ احتیاطی تدابیر کی اہمیت اجاگر کی گئی۔ تقریب کے شرکاء کو بتایا گیا کہ کورونا وائرس سے بچنے کا واحد حل سماجی فاصلے قائم اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ہے۔

علماء اور آئمہ کرام مساجد میں نماز اور تراویح کی ادائیگی کے دوران نمازیوں کے درمیان کم از کم تین فٹ کا فاصلہ رکھیں۔ لوگ مسجد میں باوضو آئیں اور نماز و تراویح کی ادائیگی کے بعد ہجوم اور اجتماعات سے گریز کریں۔ علمائے کرام احتیاطی تدابیر پر عمل کیساتھ ساتھ عوام کو بھی سماجی فاصلے اور اس بات پر قائل کریں کہ صرف احتیاط سے ہی اس وباء سے بچا جاسکتا ہے اور خاص طور پر بیمار،بزرگ اور بچے گھروں میں ہی نماز اور تراویح پڑھنے کا اہتمام کریں۔ تقریب میں کورونا وائرس کے متعلق علماء کے خدشات دور کرتے ہوئے ان سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے خطبات میں کورونا وائرس کو موضوع بنا کر اس وبائی وائرس کے تدارک کے حوالے سے عوام میں شور اجاگر کریں اور منبر و محراب سے کورونا کی عالمگیر وباء کے بارے میں اپنائی جانے والی احتیاطی تدابیر اور حکومتی اقدامات سے لوگوں کو روشناس کرائیں، کیونکہ معاشرے میں علماء کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے اور لوگ ان کی بات غور سے سنتے اور ان کی تعلیم و ترویج پر عمل کرتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن (ر) منصور امان اور ڈی ایم ایس ڈاکٹر یونس ندیم کا کہنا تھا کہ حکومت کے تمام اقدامات کا ایک مقصد لوگوں کو کورونا کی وباء سے محفوظ بنانا ہے، کیونکہ عوام کی جانوں کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کورونا تدارک کے حوالے سے سارے اقدامات اور کوششیں لوگوں کے تعاون کے بغیر بار آور ثابت نہیں ہوسکتیں، یہ مشکل کی ایک گھڑی ہے، جس سے نمٹنے کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا اور معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا انفرادی و اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا۔ تقریب کے دوران علماء نے حکومت اور علمائے کرام کی جانب سے جاری کردہ 20 نکاتی متفقہ اعلامیہ کے حوالے سے اعلان کیا کہ جاری شدہ اعلامیہ کورونا کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر پر مشتمل ہے اور تمام مسلمانوں کا اس پر عمل کرنے میں کوئی مانع نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 859759
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش