QR CodeQR Code

تقویٰ الٰہی سے ہر قسم کے خطرات، ظاہری و باطنی شر سے بچا جا سکتا ہے، پسند رضوی

29 Apr 2020 23:14

آن لائن دروس دیتے ہوئے پسند علی رضوی اور سید جواد نقوی نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ تلاوت کے دوران جہاں متقین کا ذکر آتا ہے اور تقویٰ کا مضمون بیان فرمایا گیا ہے، اس پر ٹہر کر خاص طور پر غور کریں اور اپنے طور پر جائزہ لیں کہ کیا ہم تقویٰ کی راہوں پر گامزن ہیں یا نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے آن لائن علمی فکری دروس کا سلسلہ سوشل میڈیا پر جاری ہے۔ رمضان المبارک و قرآن مجید کی فصیلت کے موضوع پر درس دیتے ہوئے سید پسند علی رضوی و سید جواد حسین نقوی نے کہا کہ ماہ رمضان کے ان بابرکت ایام میں جبکہ خصوصیت سے تلاوت قرآن مجید بھی کثرت کے ساتھ کرنے کا حکم ہے، ہمارا فرض ہے کہ تلاوت کے دوران جہاں متقین کا ذکر آتا ہے اور تقویٰ کا مضمون بیان فرمایا گیا ہے، اس پر ٹہر کر خاص طور پر غور کریں اور اپنے طور پر جائزہ لیں کہ کیا ہم تقویٰ کی راہوں پر گامزن ہیں یا نہیں اور پھر جہاں جہاں اس پہلو سے کوئی کمی یا نقص دکھائی دے، اسے دور کرنے کی طرف متوجہ ہوں۔

مقررین نے کہا کہ قرآن مجید میں جب بھی تقویٰ اختیار کرنے کا حکم  دیا گیا ہے، تو سب سے اوّل اللہ کا تقویٰ اختیار کرنے کا حکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقویٰ کے ایک معنی ڈھال یا بچاؤ کے ذریعہ کے بھی ہیں، چنانچہ تقویٰ اللہ اختیار کرنے کے حکم کا ایک پہلو یہ ہے کہ تم اللہ کو اپنی ڈھال بناؤ، ہر قسم کے خطرات، ہر قسم کے ظاہری و باطنی شر اور فساد اور نقصانات سے بچنے کیلئے اللہ کی پناہ میں آؤ، کیونکہ صرف وہی ایک ایسی ذات ہے، جو ہر لمحہ اور ہر آن ہر قسم کے شر اور نقصان سے تمہاری حفاظت کر سکتی ہے، وہی ہے جس کی امان میں آکر تم ہر قسم کی راحت اور سرور حاصل کر سکتے ہو۔


خبر کا کوڈ: 859790

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/859790/تقوی-ال-ہی-سے-ہر-قسم-کے-خطرات-ظاہری-باطنی-شر-بچا-جا-سکتا-ہے-پسند-رضوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org