0
Tuesday 19 Jul 2011 16:28

امریکی کانگریس میں پاکستان کیلئے امداد پر کڑی شرائط عائد کرنے کا بل پیش

امریکی کانگریس میں پاکستان کیلئے امداد پر کڑی شرائط عائد کرنے کا بل پیش
واشنگٹن:اسلام ٹائمز۔ امریکی کانگرس کے ری پبلیکن ارکان نے پاکستان کی امداد میں کٹوتی کی تجویز کا بل پیش کر دیا۔ بل کے مطابق اوباما انتظامیہ جب تک کانگرس کو دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کے مکمل تعاون کی یقین دہانی نہیں کراتی، اس وقت تک اس کی امداد میں کٹوتی جاری رکھی جائے۔ امریکی کانگریس کی فارن ریلیشن کمیٹی بیس جولائی کو اس مجوزہ بل کی سماعت کرے گی، جس کے بعد اس پر ووٹنگ کرائی جائے گی۔ کانگرس اور امریکی سینیٹ میں ووٹنگ کے بعد یہ بل منظور ہو کر باقاعدہ قانونی شکل اختیار کر جائے گا۔ اسی طرح کا ایک بل ری پبلکن سینٹر ٹیڈ پوکی جانب سے چند ہفتے قبل پیش کیا گیا تھا، جسے اکثریتی ووٹ کے ساتھ مسترد کر دیا گیا تھا۔ کانگرس میں ری پبلکن جماعت کے اراکان کو اکثریت حاصل ہے، جبکہ امریکی سینٹ میں صدر اوباما کی جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کا غلبہ ہے۔ پیش کئے گئے بل میں نہ صرف پاکستان بلکہ لبنان، مصر، فلسطین، یمن اور دیگر ممالک کی امداد ختم کرنے کیلئے بھی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔
دیگر ذرائع کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کمیٹی نے پاکستان پر امریکی امداد کے حصول کیلئے کڑی شرائط عائد کرنے کا بل پیش کر دیا۔ بل کے مطابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کو کانگریس کو سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہو گا کہ پاکستان اسامہ بن لادن کیلئے سرکاری یا نجی سپورٹ نیٹ ورک کی موجودگی کے بارے میں تحقیقات، اسامہ کے رشتہ داروں اور ایبٹ آباد کمپاوٴنڈ تک براہ راست رسائی میں امریکہ سے مکمل تعاون کر رہا ہے۔ یہ بل صدر براک اوباما کے اختیارات کیلئے براہ راست چیلنج ہے۔ بل پر ایوان نمائندگان میں آج بحث ہو گی۔ بل میں پاکستان کے علاوہ مصر، لبنان اور فلسطینی اتھارٹی کی امداد پر بھی شرائط عائد کرنے کی تجویز ہے۔ فلسطینی اتھارٹی امریکی امداد کے حصول کیلئے اس بات کی پابند ہو گی کہ حماس یا کسی غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کا نمائندہ پالیسی ساز عہدے پر کام نہ کرے۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی اکثریت کے باعث بل کی بہت سی شقیں مسترد کی جا سکتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 85990
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش