QR CodeQR Code

وفاقی و سندھ حکومت کی نورا کشتی میں عوام اور تاجر رل گئے، محمد حسین محنتی

30 Apr 2020 22:28

تاجر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے کہا کہ سندھ حکومت کا آن لائن کاروبار کا فیصلہ قابل عمل نہیں ہے، کاروبار کے بغیر دنیا نہیں چل سکتی۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کا آن لائن کاروبار کا فیصلہ قابل عمل نہیں ہے، کاروبار کے بغیر دنیا نہیں چل سکتی، صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی نورا کشتی میں عوام اور تاجر رل گئے ہیں، فیکٹریاں کھل سکتی ہیں تو پھر دکانیں کیوں نہیں کھل سکتی، حفاظتی اقدامات کو خاطر ملحوظ رکھتے ہوئے صوبائی و وفاقی حکومت حکمت، تحمل اور افہام و تفہیم کے ساتھ کاروبار زندگی کو بحال کرنے کے اقدامات کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم کراچی میں آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد کی زیر قیادت ملاقات کرنے والے تاجروں کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر اسمال ٹریڈرز کے جنرل سیکرٹری عثمان شریف، نائب صدر سید لیاقت علی، صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

محمد حسین محنتی نے تاجر وفد کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے، جس کے سیاسی و معاشی اثرات پورے ملک پر پڑتے ہیں، یہ قومی آفت ہے، جس نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے، یہ صرف ایک حکومت نہیں بلکہ پوری قوم کا امتحان ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران آفت بننے کی بجائے تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل اور مرحلہ وار دکانیں کھولنے کی اجازت دی جائے، آئی جی سندھ اور وزیراعلیٰ محکمہ پولیس کی کرپشن اور تاجروں کو بلاجواز تنگ کرنے کا نوٹس لیں اور پولیس میں موجود اس طرح کی کالی بھیڑوں کیخلاف کارروائی کریں۔


خبر کا کوڈ: 860005

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/860005/وفاقی-سندھ-حکومت-کی-نورا-کشتی-میں-عوام-اور-تاجر-رل-گئے-محمد-حسین-محنتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org