QR CodeQR Code

اٹھارہویں آئینی ترمیم کو چھیڑا گیا تو کورونا وبا کے باوجود سڑکوں پر ہوں گے، اسفندیار ولی

1 May 2020 01:27

اے این پی کے سربراہ نے کہا کہ کسی بھی شق کو چھیڑنے کی صورت میں اے این پی سب سے پہلے میدان میں نکلے گی، موجودہ بحرانوں کو حل کرنے کی بجائے حل شدہ مسائل کو چھیڑا جارہا ہے، سلیکٹرز اور سلیکٹڈ یاد رکھیں اٹھارہویں ترمیم کیخلاف کوئی قدم برداشت نہیں کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ اگر تاریخی اٹھارہویں آئینی ترمیم کو چھیڑا گیا تو کارکنان تیار رہیں، کورونا وبا ہو یا کوئی دوسری آفت، اے این پی میدان میں نکلے گی اور سلیکٹرز و سلیکٹڈ کو یاد رکھنا چاہیے، دیگر بحرانوں کو حل کرنے کی بجائے، حل شدہ مسائل کی طرف ایک بار پھر جانا مزید نئے بحران کا جنم دے گی۔ باچا خان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم چھیڑنے کی صورت میں پیدا شدہ بحرانوں کے ذمہ دار سلیکٹرز اور سلیکٹڈ ہوں گے۔ اس وقت ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، وبا کی وجہ سے قیمتی جانیں جاچکی ہیں، ہزاروں کی تعداد میں افراد متاثر ہیں، انہیں ریلیف دینے کی بجائے اٹھارویں آئینی ترمیم میں تبدیلی کی بات کرکے نیا تنازعہ کھڑا کردیا ہے، لیکن یہ بات واضح ہونی چاہیے کہ اٹھارویں آئینی اور این ایف سی ایوارڈ میں ردوبدل یا اسکا خاتمہ بچوں کا کھیل نہیں بلکہ آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کپتان اینڈ کمپنی نے اگر اس ترمیم کو چھیڑا تو یہ پاکستان کے آنیوالی نسلوں سے زیادتی کے مترادف ہوگا۔ اے این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم پاکستان کی حفاظت اور اتحاد کا ضامن ہے لیکن سلیکٹڈ حکمرانوں نے اپنی کرپشن کو چھپانے کیلئے اس ترمیم میں تبدیلی لانے کی بات چھیڑ دی ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ تین ووٹوں کی اکثریت سے وزیراعظم کی کرسی پر براجمان شخص ایک ناکام وزیراعظم ثابت ہوچکا ہے۔ اس ترمیم میں کسی بھی تبدیلی کے خلاف سوائے کپتان کے تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں اور اسی اتحاد کے ساتھ ہر سازش کا مقابلہ کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 860020

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/860020/اٹھارہویں-آئینی-ترمیم-کو-چھیڑا-گیا-کورونا-وبا-کے-باوجود-سڑکوں-پر-ہوں-گے-اسفندیار-ولی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org