0
Friday 1 May 2020 03:40

سندھ حکومت کا لاک ڈاؤن رمضان المبارک کے اختتام تک جاری رکھنے کا اعلان

سندھ حکومت کا لاک ڈاؤن رمضان المبارک کے اختتام تک جاری رکھنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن رمضان المبارک کے اختتام تک جاری رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے لئے محکمہ داخلہ سندھ کے 14 اپریل اور 23 اپریل کو جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن میں رمضان المبارک کے اختتام تک توسیع کردی گئی ہے جن پر بلا کسی ابہام کے عملدرآمد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سندھ میں لاک ڈاؤن کی مدت 30 اپریل کو رات بجے ختم ہورہی تھی جس میں حکومت سندھ نے رمضان المبارک کے اختتام تک توسیع کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے لاک ڈاؤن میں کریانہ اور سبزی کی دکانیں صبح 8 سے شام 5 بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ صبح 8 سے رات 8 تک دودھ کی دکانیں کھلی رہیں گی، سموسے پکوڑے، فروٹ چاٹ کی دکانیں اور بیکری پر فروخت شام 5 بجے تک ہوگی، شام 5 بجے کے بعد فروخت کرنے والوں کا سامان ضبط کرلیا جائے گا۔

محکمہ داخلہ سندھ کے حکم نامہ کے مطابق شام 5 بجے سے صبح 8 بجے تک شہریوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی ہوگی، ہوٹلوں کو تیار کھانے شام 5 سے رات 10 بجے تک ڈیلوری کی اجازت ہوگی۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ احترام رمضان آرڈیننس پر سختی سے عمل کرنا ہوگا جبکہ مساجد میں تراویح اور فرض نماز صرف انتظامیہ ادا کرے گی، تراویح نماز کی ادائیگی گھروں پر ہوگی اور عام نمازیوں کا مسجد میں داخلہ ممنوع ہوگا۔ محکمہ داخلہ سندھ  کے مطابق سندھ وبائی امراض ایکٹ کے تحت یہ قانون لاگو کیا گیا ہے جس پر سختی سے عملدرآمد کے لئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 860031
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش