0
Friday 1 May 2020 03:52

ایس او پیز کے مطابق کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دی جائے گی، ناصر حسین شاہ

ایس او پیز کے مطابق کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دی جائے گی، ناصر حسین شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں لاک ڈاؤن کو ختم کرنے کے حوالے سے کوئی تجویز زیر غور نہیں، حکومت سندھ کے لئے عوام کی جانوں سے بڑھ کر کچھ اور عزیز نہیں۔ ناصر حسین شاہ نے ان خیالات کا اظہار میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ وزیر اطلاعات سندھ کے مطابق بعض عناصر کی جانب سے لاک ڈاؤن کے خاتمے کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے جس میں کوئی صداقت نہیں۔ ناصر حسین شاہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ فی الحال کاروباری طبقے کو آن لائن معاشی سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے، کوئی بھی ایسا منصوبہ یا پلان زیر غور نہیں جس میں صوبے سے لاک ڈاؤن مکمل طور پر اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہو۔

ایک سوال کے جواب میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں کا خمیازہ سارے ملک کی عوام بھگت رہی ہے، اگر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ہنگامی طور پر حفاظتی اقدامات نہ اٹھاتے تو آج صورت حال کچھ اور ہوتی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ کی عوام نے جس بھرپور اور شاندار انداز سے حکومت سندھ کے کورونا کے خلاف اقدمات کا ساتھ دیا ہے، تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، عوام کے شانہ بشانہ علما، مشائخ عظام، ڈاکٹرز، فورسز کے اہلکار، طلبا، بوڑھے، نوجوان، خواتین اور بچوں سمیت سندھ دھرتی کا ہر باسی مبارک باد کا مستحق ہے، جس نے اپنے تعاون اور نظم و ضبط سے پوری قوم کے لئے عمدہ مثال قائم کی ہے۔

ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ حکومت سندھ کی تیار کردہ ایس و پیز پر عمل در آمد کرنا ضروری ہے تاکہ انسانی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے ساتھ معاشی پہیہ بھی چلتا رہے۔ سوشل میڈیا پر چلنے والی بے بنیاد خبروں کے حوالے سے وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کے اقدامات کی کردار کشی کرنے کے بجائے اگر ہمارے ہاتھ مضبوط کئے جاتے تو وہ نہ صرف اجتماعی طور پر مفید ثابت ہوتا بلکہ انفرادی سطح تک بھی اس عمل کے اثرات لازمی طور سے مرتب ہوتے۔ ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ ایس او پیز پر عمل در آمد کروانے کے لئے سختی کے بجائے عوام سے گزارش کرتے ہیں کہ ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے ہماری مدد کریں اور کورونا کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 860034
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش