0
Friday 1 May 2020 12:32

روزے کے حقیقی ثمرات گناہوں سے بچنے میں ہیں، طاہرالقادری

روزے کے حقیقی ثمرات گناہوں سے بچنے میں ہیں، طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ روزہ کے لاتعداد روحانی و طبی فوائد ہیں، روزہ سے شخصیت میں اعتدال اور توازن آتا ہے، روزے کے حقیقی ثمرات گناہوں سے بچنے میں ہیں، رمضان المبارک کا مہینہ ملت اسلامیہ کے لیے اللہ کریم کاخاص تحفہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام منعقدہ آن لائن تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اسلام میں تجارت کا فلسفہ صرف منافع کمانا اور مال بیچنا نہیں، بلکہ اس سے تنگ دستی دور کرنا، مستحقین کی مدد کرنا، سفید پوش طبقات کے مالی مفادات اور سماجی مقام کا تحفظ کرنا ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزی بھی اسلامی تعلیمات میں گناہ اور جرم ہے، جائز منافع کمانا عبادت ہے جبکہ ناجائز منافع خوری گناہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس وباء نے پورے نظام زندگی کو متاثر کرکے رکھ دیا ہے، نیک اعمال اختیار کر کے اللہ کو راضی کیا جائے، آزمائش کی اس گھڑی میں روزہ داروں کو لوٹنے والے بدترین لوگ ہیں، اس ماہ مبارک میں رب تعالیٰ کے حضور خصوصی دعائیں کریں کہ وہ ہمیں اس وباء سے نجات عطاء فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ حسد میں مبتلا شخص خیر و شر میں کبھی امتیاز نہیں کر سکتا، حاسد اپنے لیے ذلت و رسوائی خریدتا ہے، دوسروں کو ملنے والی نعمت اور صلاحیتوں کو چھیننا چاہتا ہے، رمضان المبارک صبر و تحمل سے رہنے کا درس دیتا ہے، لغو اور بری عادات سے چھٹکارا دلانے میں معاونت کرتا ہے، حضور نبی اکرم (ص) کا فرمان ہے کہ جو بندہ خدا کی راہ میں ایک دن کا روزہ رکھتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کے چہرے سے آگ دور کر دیتا ہے، روزے کا مقصد تقویٰ کا حصول اور تزکیہ نفس ہے، روزہ اللہ تعالیٰ کی پسندیدہ ترین باطنی عبادت ہے، کیونکہ انسان صرف اللہ کی رضا اور خوشنودی کے حصول کیلئے حلال اور طیب اشیاء سے خود کو روک کے رکھتا ہے، اسی لیے اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ روزہ میرے لیے ہے اور اس کی جزا بھی میں ہی دوں گا۔
خبر کا کوڈ : 860073
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش