QR CodeQR Code

حکومت پیٹرول کیساتھ دیگر ضروریات زندگی کی قیمتوں میں کمی کو بھی یقینی بنائے، علامہ ناصر عباس جعفری

1 May 2020 19:57

اپنے ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بناکر ہر چیز کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا جاتا ہے، اب چونکہ پیٹرول کی قیمت میں کمی واقعہ ہوئی، لہذا دیگر ضروریات زندگی کی قیمتوں میں بھی مذکورہ فیصلے کے مطابق کمی کو یقینی بنایا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عالمی حالات کے تناظر میں ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو عوام پر بوجھ کم کرنے کے لئے مزید اقدامات کرنے ہوں گے، کورونا وائرس کے باعث پیٹرول کی قیمتیں عالمی منڈی میں کم ترین سطح پر ہیں، تاہم پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات میں اسی شرح سے کمی نہ کرکے عوام کو مایوس کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر ملک کے اس طبقے کو کسی قسم کا ریلیف نہیں دیا گیا، جن کے گھروں میں فاقے شروع ہوچکے ہیں، لاک ڈاؤن کے باعث پورے ملک میں سب سے لاچار طبقہ ان دیہاڑی داروں کا ہے، جن کے گھر کا چولہا ان کے دن بھر کی مشقت سے جلتا ہے، یوم مئی کے موقع پر ایسے لوگوں کے لئے کسی براہ راست ریلیف کا اعلان کرنے سے نہ صرف ان کی مشکلات کا ازالہ ہوتا بلکہ حکومت کی مقبولیت کا گراف بھی بہتری کی طرف جاتا، لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بناکر عام اشیائے خورد و نوش سمیت ہر چیز بالخصوص بجلی و گیس کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا جاتا ہے، اب چونکہ پیٹرول کی قیمت میں کمی واقعہ ہوئی، لہذا دیگر ضروریات زندگی کی قیمتوں میں بھی مذکورہ فیصلے کے مطابق کمی کو یقینی بنایا جائے، صرف پٹرول کی قیمت میں کمی ملک میں بسنے والے ایسے کروڑوں افراد کے حالات پر قطعاً اثر انداز نہیں ہوگی، جن کا تقاضہ صرف دو وقت کی روٹی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عام آدمی کا طرز زندگی بہتر سے بہتر بنانے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں، تاکہ جو لوگ غربت و مفلسی سے تنگ آکر موت کی آغوش کو ہی اپنی پناہ گاہ سمجھ رہے ہیں، وہ خدا کی سب سے بڑی نعمت زندگی کی قدر کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بسنے والے ہر فرد کے حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، جسے ہر حال میں پورا ہونا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 860113

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/860113/حکومت-پیٹرول-کیساتھ-دیگر-ضروریات-زندگی-کی-قیمتوں-میں-کمی-کو-بھی-یقینی-بنائے-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org