0
Friday 1 May 2020 20:22

خیبر پختونخوا میں کرونا مریضوں کی مجموعی تعداد 2627 ہوگئی، اجمل وزیر

خیبر پختونخوا میں کرونا مریضوں کی مجموعی تعداد 2627 ہوگئی، اجمل وزیر
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ صوبے میں 246 کیسز رپورٹ ہوئے کے بعد کرونا مریضوں کی مجموعی تعداد 2627 ہوگئی ہے، 9 اموات ہونے کے بعد کرونا سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 146 تک پہنچ گئی، جبکہ 40 مریض صحتیاب ہونے کے بعد کرونا کو شکست دینے والے مریضوں کی تعداد 654 ہوگئی ہے۔ سول سکریٹریٹ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر نے کہا کہ کرونا کی صورتحال کے جائزہ کیلئے وزیراعلٰی محمود خان کے زیر صدارت ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کور کمانڈر پشاور، صوبائی وزراء اور چیف سیکرٹری سمیت دیگر انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعلٰی کو کرونا کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ٹاسک فورس میں کابینہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل بنانے پر بات چیت کی گئی۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا کہ وزیراعلٰی محمود خان صوبے میں خود تمام انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں، صوبے بھر میں پولیس کو سکیورٹی اقدامات میں پاک فوج کی مکمل معاونت حاصل ہے، پولیس اور فوجی جوان ناکہ بندیوں پر مشترکہ ڈیوٹیاں دے رہے ہیں۔ اجمل وزیر نے کہا کہ پوری دنیا میں آج مزدوروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، خیبر پختونخوا حکومت کو لاک ڈاؤن سے مزدوروں کی مشکلات بڑھنے کا بخوبی اندازہ ہے، صوبے میں مزدوروں کی کل تعداد 77 لاکھ ہے، موجودہ حکومت احساس پروگرام کے تحت مزدور طبقے کی دادرسی کر رہی ہے۔ احساس پروگرام کے تحت وفاقی حکومت کی طرف سے 12 ہزار دیئے گئے ہیں، جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے بھی 6 ہزار روپے جلد فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں کل 330 قرنطینہ مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں 22 ہزار 30 افراد قیام کرسکتے ہیں، اسوقت 106 قرنطینہ مراکز فعال ہیں جن میں 3226 افراد کو قرنطینہ کیا گیا ہے، جبکہ قرنطینہ میں کل 279 افراد اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ اجمل وزیر نے کہا کہ 6 ہزار سے زائد فیس وصول کرنے والے تعلیمی ادارے فیسوں میں 20 فیصد، جبکہ 6 ہزار سے کم فیس وصول کرنے والے 10 فیصد رعایت دیں گے، کوئی مالک اپنے کرایہ دار کو کرایہ کی عدم ادائیگی کی صورت میں 3 ماہ تک کیلئے بے دخل نہیں کر سکے گا، ایمرجنسی جاری رہنے کی صورت میں مزید توسیع بھی ہوسکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 860117
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش