QR CodeQR Code

سندھ حکومت کے تمام اقدامات سے مذہب بیزاری جھلک رہی ہے، محمد حسین محنتی

2 May 2020 14:11

میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے کہا کہ مذہب پر الزام لگانے کی بجائے سندھ حکومت اپنی ناکامی کا اعتراف کرلے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس قدرتی آفت اور وارننگ ہے، لاک ڈاﺅن سے کاروبار زندگی معطل اور معاشی طور پر ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے، سندھ حکومت مذہب کی بجائے کورونا کا مقابلہ کرے، پوری سندھ حکومت کا رویہ مذہب بیزاری پر مبنی ہے، جماعت اسلامی اور الخمدت کے کارکن مشکل کی اس گھڑی میں قوم کی ہرممکن مدد جاری رکھیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی میٹروپول کلفٹن کراچی میں قائم ”الخدمت قاضی حسین احمد راشن مرکز“ کے دورے پر رضاکاروں اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ جمعہ کی نماز پر پابندی کے نوٹیفکیشن تک سندھ حکومت کے تمام اقدامات سے مذہب بیزاری کی جھلک نظر آرہی ہے، جس سے پوری قوم کو تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کے اعتبار سے کسی بھی قسم کے اجتماع پر پابندی کا نوٹیفکیشن ہونا چاہئے، نہ کہ مذہبی لفظ کا استعمال کیا جانا چاہئے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ ایک جانب اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ایک صوبہ میں یہ روش ہے، تو دوسری جانب جرمنی میں مساجد کھولی جا رہی ہیں، ساری دنیا میں لاک ڈاﺅن نرم کیا جا رہا ہے، حرمین شریفین تمام نمازیوں کیلئے کھولی جا رہی ہیں، تو سندھ میں آخر کیا خاص بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چالیس دن لاک ڈاﺅن کے باوجود بیماری پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے، اسپتالوں میں ادویات، وینٹی لیٹر نہیں، تو دوسری جانب ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف حفاظتی سامان محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس لئے مذہب پر الزام لگانے کی بجائے سندھ حکومت اپنی ناکامی کا اعتراف کرلے۔


خبر کا کوڈ: 860142

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/860142/سندھ-حکومت-کے-تمام-اقدامات-سے-مذہب-بیزاری-جھلک-رہی-ہے-محمد-حسین-محنتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org