0
Saturday 2 May 2020 00:30

لاک ڈاون کے باعث دھاڑی دار مزدور شدید مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے، علامہ مقصود ڈومکی

لاک ڈاون کے باعث دھاڑی دار مزدور شدید مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ مزدور اللہ تعالیٰ کا دوست ہے۔ انبیاء کرام (ع) اور آئمہ ھدیٰ (ع) نے رزق حلال کمانے کو عظیم ترین عبادت قرار دیتے ہوئے مزدور کی اہمیت اور عظمت کو بیان کیا ہے۔ افسوس کہ ہمارے ملک میں مزدور آج بھی مشکل حالات سے نبرد آزما ہے۔ مزدور کی زحمت کا صلہ دینے کے ساتھ ساتھ اس کی قدردانی بھی ضروری ہے۔ اس وقت مزدور کی ماہانہ اجرت ناکافی ہے، جس سے اس کے گھر کے اخراجات پورے نہیں ہوتے، نہ ہی وہ بچوں کو معیاری تعلیم دلا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مزدوروں کے لئے ہر شہر میں لیبر کالونی کا اہتمام کرے۔ کم آمدنی اور بڑھتی مہنگائی کے باعث  مزدور گھر کا کرایہ کیسے ادا کرسکتا ہے، حکومت مزدوروں کے لئے اپنا گھر اسکیم شروع کرکے انہیں گھر کا مالک بننے میں مدد کرے۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون کے باعث دھاڑی دار مزدور شدید مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے، مگر حکومت ان مشکلات کے حل کے لئے کوئی سنجیدہ اقدام نہیں کر رہی۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت مزدوروں کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پوری زندگی معاشرے کی خدمت کرنے والے مزدور کے لئے پینشن اور انشورنس کا بندوبست کیا جائے، کیونکہ بڑھاپے اور بیماری کی حالت میں مزدور لاوارث نظر آتا ہے، حکومت ناگہانی حالات میں مزدور کی اولاد کی کفالت، بڑھاپے اور بیماری میں سہارا بننے کی ذمہ داری پوری کرے۔
خبر کا کوڈ : 860158
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش