0
Saturday 2 May 2020 20:49

وزیراعلیٰ سندھ کی کراچی کی 2 یوسیز میں وائرس متاثرین پر تحقیق کی ہدایات

وزیراعلیٰ سندھ کی کراچی کی 2 یوسیز میں وائرس متاثرین پر تحقیق کی ہدایات
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کووڈ-19 کے اثرات کا جائزہ لینے کے لئے کمیونٹی سرویلنس اسٹڈی کا منصوبہ زیر غور ہے اور کراچی کی دو یونین کونسلز میں متاثرین (سیروپریویلنس) پر تحقیق کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ صحت یاب ہونے والے متاثرین کا جائزہ لینے کے لئے 380 ٹیلی میڈیسن ڈاکٹروں کو مقرر کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیونٹی سرویلنس وقت کی اشد ضرورت ہے، اسی لئے اپنی ٹیم کو ڈیجیٹل اسسمنٹ ایپ تیار کرنے کی ہدایت کی تھی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے کراچی کی دو یونین کونسلوں میں وائرس کے متاثرین پر تحقیق (سیروپریویلنس) کا بھی فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پائلٹ اسٹڈی ضلع جنوبی کی یونین کونسل کھارادر اور کہکشاں پر ہوگی، سیروپریویلنس کووڈ-19 کے ان متاثرین کی تعداد ہے جن کا ٹیسٹ سیرولوجی کی بنیاد پر مثبت آیا ہو جس کی پیش کش مجموعی ٹیسٹ کی شرح یا ٹیسٹ کئے گئے ایک لاکھ افراد کی تناسب سے ہوتی ہے۔

وزیراعلیٰ کورونا وائرس کی صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں 427 مزید نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد مجموعی تعداد 7 ہزار 102 ہوگئی ہے جبکہ 46 افراد صحت یاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں مجموعی طور پر 3 ہزار 259 ٹیسٹ کئے گئے جس کے نتیجے میں 427 نئے کیسز سامنے آگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کی جانب سے اب تک 61 ہزار 20 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 11 اعشاریہ 6 فیصد یا 7 ہزار 102 ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صحت یاب ہونے والے 46 مریضوں کو گھر بھیج دیا گیا ہے جبکہ صوبے میں صحت یاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد ایک ہزار 341 یا 91 فیصد ہے۔ کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ایک دن میں مزید 4 افراد انتقال کرگئے ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد بڑھ کر 122 ہوگئی ہے جو ایک اعشاریہ 7 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیر علاج 45 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جن میں سے 18 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

زیرعلاج مریضوں کے اعداد و شمار بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 5 ہزار 639 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 4 ہزار 390 گھروں میں آئسولیشن میں ہیں اور 733 آئسولیشن سینٹر اور 516 افراد ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں سامنے آنے والے 427 میں سے 376 کیسز کراچی سے سامنے آئے ہیں، اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ شہر میں کیسز کی تعداد میں کمی نہیں آئی اس لئے شہریوں کو صورت حال کا اندازہ کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات کرنے چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بچے اور خواتین بھی متاثر ہورہے ہیں جبکہ شہر کے ضلع جنوبی میں مزید 131 کیسز سامنے آئے، اسی طرح ضلع شرقی میں 65، کورنگی میں 54، غربی میں 47، وسطی میں 46 اور ملیر میں 33 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ کراچی کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی میں مجموعی کسیز ایک ہزار 401، شرقی میں ایک ہزار 80، کورنگی میں 501، ملیر میں 484 اور غربی میں 572 مجموعی کیسز ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے کے ضلع گھوٹکی میں 4 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اسی طرح حیدر آباد، شہید بینظیر آباد اور لاڑکانہ میں 6،6، خیر پور میں 4، سکھر میں 5، سانگھڑز میں 2، ٹھٹہ اور سجاول میں مزید ایک،ایک کیس سامنے آیا۔ مراد علی شاہ نے شہریوں پر ایک مرتبہ پھر حکومتی ہدایات پر عمل کرنے پر زور دیتے ہوئے آپس میں فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ یہ زندگی کا ایک نیا رجحان ہے اور ہمیں اس کو اپنانا ہوگا۔ خیال رہے کہ اس وقت ملک میں ساڑھے 18 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 421 تک پہنچ چکی ہے۔ ابھی تک کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ اس وقت سب سے زیادہ متاثر صوبہ ہے جہاں مجموعی کیسز کی تعداد 7102 ہوچکی ہے جبکہ اموات 122 ہیں۔ یاد رہے کہ سندھ میں پاکستان کا پہلا کیس 26 فروری کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد حکومت نے احتیاطی تدابیر شروع کردی تھیں۔
خبر کا کوڈ : 860332
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش