QR CodeQR Code

کسی صورت عزاداری کے حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے

یوم علیؑ کے جلوس ہر صورت برآمد ہونگے، سبطین سبزواری

3 May 2020 20:36

ایس یو سی شمالی پنجاب کے صدر کا کہنا تھا کہ ہمارا وزیراعلیٰ پنجاب، گورنر پنجاب، وزیر قانون اور آئی جی پولیس سے مطالبہ ہے کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کیساتھ علماء کرام کے طے کردہ 20 نکات کی بعض مقامات پر ضلعی انتظامیہ من پسند تشریح کرکے غلط فہمیاں پیدا کر رہی ہے، یہ متعصبانہ اور مخاصمانہ رویہ قابل مذمت اور اشتعال انگیز ہے، اسے بند کروایا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے واضح کیا ہے کہ یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کی مناسبت سے 19 رمضان المبارک سے شروع ہونیوالے جلوس اور مجالس عزاء ہر صورت منعقد ہوں گی، اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت، طبی ماہرین اور حکومت پاکستان کی طرف سے کرونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے دی گئی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کروایا جائے گا، جبکہ انہی احتیاطی تدابیر کے مطابق 15 رمضان المبارک کو جشن یوم ولادت حضرت امام حسن علیہ السلام اور جشن نزول قرآن کی مناسبت سے مساجد، مدارس اور امام بارگاہوں میں 19، 21 اور 23 رمضان المبارک کو اعمال شب ہائے قدر بھی 20 نکات میں دی گئی طبی ہدایات کے مطابق ہوں گے۔

علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ ہمارا وزیراعلیٰ پنجاب، گورنر پنجاب، وزیر قانون اور آئی جی پولیس سے مطالبہ ہے کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کیساتھ علماء کرام کے طے کردہ 20 نکات کی بعض مقامات پر ضلعی انتظامیہ من پسند تشریح کرکے غلط فہمیاں پیدا کر رہی ہے، یہ متعصبانہ اور مخاصمانہ رویہ قابل مذمت اور اشتعال انگیز ہے، اسے بند کروایا جائے۔ یہ باتیں امام بارگاہ ابوالفضل العباس مغلپورہ لاہور میں ماتمی سنگتوں، بانیان مجالس اور علمائے کرام کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سبطین حیدر سبزواری نے کہیں۔ اس موقع پر مولانا حافظ کاظم رضا نقوی، شبیر نقوی، ڈویژنل صدر قاسم علی قاسمی، ضلعی صدر شوکت علی اعوان، ضلعی جنرل سیکرٹری جعفر علی شاہ، قمر عباس جدون، محمد طفیل جعفری، افتخار رضوی، وسیم حیدر گردیزی، صغیر ورک، مہدی شاہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

علامہ سبطین سبزواری نے واضح کیا کہ عالمی وبا کورونا کے حوالے سے ملت جعفریہ خود بہت محتاط ہے، اس حوالے سے حکومت ابھی تذبذب کا شکار تھی اور لاک ڈاون کا بھی ابھی اعلان نہیں ہوا تھا کہ ہماری ذمہ دار قیادت کے حکم پر نماز جمعہ، نماز باجماعت اور مجالس عزاء کے اجتماعات اور دینی مدارس میں تدریسی سرگرمیاں بھی خود بند کر دی تھیں، لیکن اب جبکہ سبزی منڈیاں، بازار اور عبادت گاہیں 20 نکات کے مطابق کھول دی گئی ہیں اور اسی طرح سے عزاداری کے پروگرام بھی منعقد ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے حکومت کے تحفظات دور کرنے اور مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے واضح کیا کہ کسی صورت عزاداری کے حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ شیعہ علماء کونسل سے منسلک تنظیمیں جعفریہ یوتھ، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، شیعہ رضاکار تنظیمیں، اسکاوٹس، متعلقہ بانیان مجالس، ماتمی سالار کورونا وائرس کے حوالے سے طے شدہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کیلئے انتظامی امور کی نگرانی کریںگے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کسی قسم کے خدشات کو ذہن میں لائے بغیر جلوس نکالنے دے، تاکہ کسی قسم کی کوئی بدمزگی رمضان المبارک میں پیدا نہ ہو۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر پہلے بھی عزاداری سید الشہداء کے پروگرام جاری و ساری ہیں اور تائید خداوندی سے آئندہ بھی جاری رہیں گے، ہم نے عزاداری کے تحفظ کیلئے جتنی پہلے قربانیاں دی ہیں، اس سے زیادہ قربانیاں دینے کیلئے تیار ہیں، لیکن اپنی شہری و آئینی حق اور اہل بیت اطہار سے اپنی محبت کے اظہار میں کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔


خبر کا کوڈ: 860470

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/860470/یوم-علی-کے-جلوس-ہر-صورت-برا-مد-ہونگے-سبطین-سبزواری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org