QR CodeQR Code

ملک میں جمہوریت کا فروغ صحافیوں کے بغیر ممکن نہیں ہے، ناصر حسین شاہ

4 May 2020 01:09

ایک پیغام میں وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ آج ملک میں حقیقی معنوں میں صحافیوں کے حقوق دینے کی ضرورت ہے، سندھ حکومت صحافیوں کے مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور یہ کہ حکومت ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ صحافی برادری کی فکری و قلمی آزادی زندہ قوموں کا شعار ہے، ملک میں جمہوریت کا فروغ صحافیوں کے بغیر ممکن نہیں ہے، پیپلز پارٹی صحافی برادری کے شانہ بشانہ شخصی و صنفی امتیاز کے خلاف ہے۔ ناصر حسین شاہ نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی قلم کار برادری ہر آمر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے، جمہوریت کے فروغ کے لئے پیپلز پارٹی صحافیوں کی قربانی کی قدر کرتی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا یہ ویژن ہے کہ حکومت سندھ صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزادی صحافت کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا ہے، نہ صرف یہ بلکہ پی پی پی کے ہر حکومت نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا ہے اور موجودہ دور میں بھی صحافت کی آزادی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود سندھ حکومت کی ترجیح رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں حقیقی معنوں میں صحافیوں کے حقوق دینے کی ضرورت ہے، سندھ حکومت صحافیوں کے مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور یہ کہ حکومت ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 860514

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/860514/ملک-میں-جمہوریت-کا-فروغ-صحافیوں-کے-بغیر-ممکن-نہیں-ہے-ناصر-حسین-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org