0
Monday 4 May 2020 20:17

رائیونڈ، بیرون ملک سرگرم تبلیغی جماعتوں کو واپس بلا لیا گیا

رائیونڈ، بیرون ملک سرگرم تبلیغی جماعتوں کو واپس بلا لیا گیا
اسلام ٹائمز۔ تبلیغی جماعت کے امیر مولانا نذر الرحمان نے تبلیغی جماعت کے اراکین کے نام لکھے جانیوالے خط میں کہا ہے کہ اصل تو یہ ہے کہ ہر مسلمان دعوت والے کام کو اپنا کام اور مقصد زندگی بنا لے، اس کام پر اپنی تمام ضرورتوں، خواہشوں اور جذبات کو قربان کر دے اور کسی حال میں اس کام کو ان چیزوں کیلئے قربان نہ ہونے دے، اس کا احساس پیدا ہو جائے کہ ہمیں دنیا میں کیوں بھیجا گیا ہے اور بحثیت مسلمان ہماری ذمہ داری کیا ہے؟ آپ کو  اس بات کا علم ہے کہ جس چیز کی اہمیت اور عظمت دل میں بیٹھ جاتی ہے، اس کیلئے نہ صرف وقت دینا آسان ہو جاتا ہے بلکہ جان دینے سے بھی گریز نہیں کیا جاتا، صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم کے واقعات اس پر شاہد ہیں کہ انہوں نے دین کیلئے اپنی جانوں کو کیسے بے قیمت بنا دیا تھا۔

مولانا نذر الرحمان نے لکھا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی شوق و جذبہ عطا فرمائے، اس کام کو حضرت محمد (ص) کی مکی زندگی کے نمونہ پر ہر جگہ اور ہر حال میں کیا جا سکتا ہے، اس لئے جہاں تک قانون اور وہاں کی پابندی کا تعلق ہے، نہ اس کیخلاف کریں اور نہ ہی اس میں دخل دیں، تبلیغ اور جماعت کا لفظ زبان پر لانے کی ضروررت نہیں، قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جس قدر ممکن ہو ملاقاتیں بھی کرتے رہیں اور تعلیم کی شکل جس درجہ میں ہو سکے کرتے رہیں، نمازوں، تسبیحات، تلاوت اور دعاؤں کا جس قدر اہتمام ہو گا تو حق تعالیٰ شانہ  غیب سے خیر کی شکلیں پیدا فرمائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں کام کرنیوالی تمام جماعتوں سے درخواست ہے کہ موجودہ عالمی صورتحال کے پیش نظر واپسی کی ترتیب بنا لیں، اللہ تعالیٰ سہولت والا معاملہ فرمائے اور نفس و شیطان کے شرور سے حفاظت فرمائے۔
خبر کا کوڈ : 860661
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش