QR CodeQR Code

یوم علی ؑ کی مناسبت سے مجالس پر کسی قسم کی پابندی قابل قبول نہیں

حکومت یوم علیؑ کے جلوسوں میں رکاوٹ بننے سے گریز کرے، علامہ ناصر عباس جعفری‎

لاپتہ افراد کی بازیابی میں دانستہ طور پر تساہل برتا جا رہا ہے، جو تشویش کا باعث ہے

4 May 2020 20:20

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی میں دانستہ طور پر تساہل برتا جا رہا ہے، جو تشویش کا باعث ہے۔ اس مسئلے کو حل ہو جانا چاہیئے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ جبری گمشدہ افراد کو منظرعام پر لایا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ حکومت یوم علیؑ کے جلوسوں میں رکاوٹ بننے سے گریز کرے۔ یوم علی ؑ کی مناسبت سے مجالس پر کسی قسم کی پابندی قابل قبول نہیں۔ اس سلسلے میں صدر پاکستان، وزیراعظم اور وفاقی وزیر مذہبی امور کو خطوط بھی ارسال کر دیئے گئے ہیں۔ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے حکومت کی طرف سے جاری ایس او پیز کے تحت ملت تشیع کو اپنی عبادات اور مذہبی رسومات ادا کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔ صدر پاکستان اور وزیراعظم نے علماء کے ساتھ اجلاس میں بھی واضح طور پر کہا تھا کہ ایس او پیز کے بیس نکات کی پاسداری کو یقینی بنانے والوں کے مذہبی معاملات میں کوئی خلل نہیں ڈالا جائے گا، مگر سندھ اور پنجاب کی صوبائی حکومتیں یوم علی ؑ کے جلوسوں میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ مسلکی تعصب کی آڑ میں ملت تشیع کو نشانہ بنانے کی کسی کو بھی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا یہ فرض بنتا ہے کہ ملت تشیع کے حوالے سے کوئی بھی یکطرفہ فیصلہ کرنے کی بجائے شیعہ قائدین کو اعتماد میں لیا جائے اور مشاورت کے بعد وہ فیصلے کیے جائیں، جن پر دونوں فریق راضی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے آٹھ کروڑ تشیع پر کوئی اپنی مرضی کیسے ٹھونس سکتا ہے۔ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے حکومت کی طرف سے جاری ہدایات پر ہمارے لوگ پہلے بھی سختی سے کاربند رہے ہیں اور آئندہ بھی احتیاط کے تمام تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔

سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی میں دانستہ طور پر تساہل برتا جا رہا ہے، جو تشویش کا باعث ہے۔ اس مسئلے کو حل ہو جانا چاہیئے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ جبری گمشدہ افراد کو منظرعام پر لایا جائے۔ لاک ڈاﺅن کے باعث عام آدمی کی معاشی مشکلات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، حکومت کو ”لائف ود کورونا“ کی پالیسی لانا ہوگی، تاکہ معیشت کا پہیہ روانی کے ساتھ چلتا رہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور سفاکیت بڑھتی جا رہی ہے۔ امت مسلمہ کو چاہیئے کہ وہ ہم آواز ہو کر کشمیریوں کے حمایت میں آواز بلند کریں۔ اگر پوری دنیا کے مسلم حکمران بھارت پر سنجیدگی سے زور ڈالیں تو مقبوضہ کشمیر ظلم کی چکی میں پسنے والے مسلمانوں کو دنوں میں نجات مل سکتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 860663

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/860663/حکومت-یوم-علی-کے-جلوسوں-میں-رکاوٹ-بننے-سے-گریز-کرے-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org