0
Tuesday 5 May 2020 02:59

پی ٹی آئی حکومت میں اتنی ہمت ہی نہیں کہ وہ اٹھارویں ترمیم کو چھیڑ سکے، بلاول بھٹو زرداری

پی ٹی آئی حکومت میں اتنی ہمت ہی نہیں کہ وہ اٹھارویں ترمیم کو چھیڑ سکے، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کورونا وائرس وباء کے بحران کے دوران اگر وفاقی حکومت کی یہ پالیسی رہی کہ سندھ اپنی مشکلات کو خود دیکھے اور بلوچستان اپنے آپ کو خود سنبھالے تو پھر وفاق اسلام آباد تک محدود ہوجائے گا۔ حکومت سندھ کی جانب سے مہلک وباء کی روک تھام کی کاوشوں میں پاک فوج اور رینجرز اس کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں، جس سے صوبائی حکومت کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، پی ٹی آئی حکومت میں اتنی ہمت ہی نہیں کہ وہ اٹھارویں ترمیم کو چھیڑ سکے جبکہ ہم دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اس معاملے پر سمجھانے کے لئے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھی ٹی وی چینلزکو مشترکہ انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت سندھ کے بروقت اقدامات نے پاکستان میں اٹلی، ایران، نیویارک اور ووہان جیسی صورتحال پیدا ہونے سے روک دیا کیونکہ دیگر صوبوں نے بھی سندھ حکومت کے اقدامات کی پیروی کی اور شروعاتی 15 دنوں کے لاک ڈاؤن کے باعث مہلک وباء تیزی سے پھیل نہیں سکی۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہریوں کی جانیں بچانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ گورنر سندھ جو وفاق کا نمائندہ ہے سندھ میں لاک ڈاؤن کی مخالفت کرتا رہا ہے، وفاقی وزراء نے فرنٹ لائین پر سینہ سپر ڈاکٹرز کے بارے میں کہا کہ یہ سندھ حکومت کے کہنے پر سیاست کر رہے ہیں، وفاقی حکومت کے دوہرے رویئے کے باعث کورونا وائرس کے معاملے پر ملک میں انتشار پھیل رہا ہے اور متاثرین کی تعداد میں بڑا اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔  

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاق کی جانب سے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو تاحال پی پی آئیز فراہم نہیں کی گئیں، این ڈِی ایم اے کی جانب سے کچھ ماسکس اور ٹیسٹ کٹس صوبوں کو فراہم کی گئیں ہیں، تاحال کورونا وائرس بحران کے دوران ہونے والے اخراجات کا 90 فیصد صوبے اپنے وسائل سے پورا کر رہے ہیں لیکن اس عالمی وباء کا مقابلہ صوبے اکیلے نہیں کرسکتے، وفاق کے عدم تعاون کے باعث صوبے اس مہلک وباء کے خلاف لڑائی میں انتہائی مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 860712
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش