QR CodeQR Code

امریکہ اسلحے کی پابندیاں بڑھانے میں کامیاب نہیں ہو گا

اگر معاملہ سلامتی کونسل میں لیجایا گیا تو ایران فیصلہ کن جواب دیگا، ایرانی وزارت خارجہ

5 May 2020 13:23

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے کہا ہے کہ امریکہ اپنی یکطرفہ دستبرداری کے ذریعے اس جوہری معاہدے (JCPOA) سے حاصل ہونیوالی سیاسی و اقتصادی سمیت تمام کامیابیاں ختم کرنا چاہتا ہے جبکہ وہ اس کام میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران کیخلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اقدام اٹھایا گیا تو ایران اس اقدام کا مناسب اور فیصلہ کن جواب دیگا۔


اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس کے دوران اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر 2231 (جس کے ذریعے ایران پر عائد تمام جوہری پابندیوں کا خاتمہ کر دیا گیا تھا) کے خاتمے کے ذریعے ایران پر اسلحے کی پابندیاں دوبارہ عائد کئے جانے کی امریکی کوششوں کے بارے ہونے والے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ اسلحے پر عائد اقوام متحدہ کی پابندیوں کا اٹھایا جانا ایرانی جوہری معاہدے (JCPOA) کی ایک کامیابی تھی۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ اپنی یکطرفہ دستبرداری کے ذریعے اس جوہری معاہدے سے حاصل ہونے والی سیاسی و اقتصادی سمیت تمام کامیابیاں ختم کرنا چاہتا ہے جبکہ وہ اس کام میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے یکطرفہ طور پر جوہری معاہدے سے دستبردار ہو کر قرارداد نمبر 2231 کی خلاف ورزی کی ہے اور اب وہ اس معاہدے کا رکن بھی نہیں لہذا ہمیں یقین ہے کہ وہ اپنی اس کوشش میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا کیونکہ یہ کام قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس مرتبہ دنیا بھر کے ممالک کی طرف سے امریکہ کی اندھی تقلید بعید از قیاس ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے امریکہ کی طرف سے قوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کے خلاف کئے جانے والے ممکنہ اقدام کے بارے کئے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں امید ہے کہ معاملہ سلامتی کونسل تک نہیں جائے گا۔ سید عباس موسوی نے کہا کہ اگر ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اقدام اٹھایا گیا تو ایران اس اقدام کا مناسب اور فیصلہ کن جواب دے گا۔


خبر کا کوڈ: 860803

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/860803/اگر-معاملہ-سلامتی-کونسل-میں-لیجایا-گیا-ایران-فیصلہ-کن-جواب-دیگا-ایرانی-وزارت-خارجہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org