0
Tuesday 5 May 2020 15:41

پیٹرولیم قیمتوں میں ہونے والی کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے، کاشف سعید شیخ

پیٹرولیم قیمتوں میں ہونے والی کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے، کاشف سعید شیخ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے ساتھ پیٹرولیم لیوی ٹیکس کی مد میں 300 گنا اضافہ عوام کے ساتھ بہت بڑا دھوکا ہے، پیٹرول 35 روپے 73 پیسے میں خریدنے کے بعد 82 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، جو مہنگائی اور کورونا کے ستائے ہوئے عوام کی زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ اپنے ایک بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ اس وقت جب خام تیل فی بیرل کی قیمت 60 ڈالر کی بجائے 20 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے، دنیا بھر کے ممالک تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کا فائدہ اپنے عوام کو پہنچا رہے ہیں، تبدیلی حکومت کے معاشی مشیروں نے عوام کی جیب پر ڈاکہ زنی جاری رکھی ہوئی ہے، خان صاحب کنٹینتر پر کھڑے ہوکر اپنی تقاریر میں سابق حکومت پر تنقید اور تیل مصنوعات پر ٹیکس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے رہے، لیکن اپنی حکومت میں پیٹرولیم مصنوعات پر پہلے سے بھی بھاری ٹیکس عائد کرکے عوام کو زندہ درگور کر دیا ہے۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ آٹا، چینی چوری میں ملوث حکومتی زعماء کو بچانے اور عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیلنے والی موجودہ حکومت سے عوام کی بھلائی کی امید کرنا عبث ہے، پی ٹی آئی کی دو سالہ مدت حکومت میں روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ، صنعتوں کا پہیہ جام اور عوام زندہ درگور ہو چکے ہیں، اس وقت کورونا اور لاک ڈاﺅن سے متاثرہ عوام کو بھرپور ریلیف دینا کا موقع تھا، تو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی ٹیکس میں اضافہ کرکے عوام کی جیبوں پر ایک بار پھر ڈاکہ زنی کی ہے۔ صوبائی رہنماء نے پی ٹی آئی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ٹیکس میں کمی اور عالمی منڈی میں قیمتوں میں ہونے والی کمی کا پاکستانی عوام کو بھرپور فائدہ پہنچایا جائے، تاکہ لاک ڈاﺅن اور مہنگائی سے متاثرہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔
خبر کا کوڈ : 860838
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش