0
Tuesday 5 May 2020 22:06

ڈاکٹر فرقان کی موت کے واقعے کی تحقیقات کیجائے، محمد حسین محنتی

ڈاکٹر فرقان کی موت کے واقعے کی تحقیقات کیجائے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کراچی میں کورونا وائرس میں مبتلا ڈاکٹر فرقان الحق کی المناک موت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دلخراش واقع نے محکمہ صحت سمیت سندھ حکومت کے تمام دعوؤں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے، واقعہ کی تحقیقات اور آئندہ اس طرح کے واقعات کے سدباب کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ اپنے ایک بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ کورونا وائرس کے سدباب اور مریضوں کے علاج کیلئے اربوں روپے خرچ کئے گئے ہیں، لیکن ایک مریض کی جان بھی بچائی نہیں جا سکی ہے، جب قوم کے ہیروز ڈاکٹرز اور ملک کے سب سے بڑے و دارالخلافہ شہر کراچی میں انتطامات کی ناکامی کی یہ صورتحال ہے، تو پھر باقی ماندہ سندھ کے عوام کس کربناک صورتحال سے دوچار ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں شدت اور سختی پر عوام کی زندگی بچانے کی خاطر زور دیا جا رہا ہے، مگر دوسری جانب اسی حکومت کے ناک کے نیچے پاکستان کے سب سے بڑے شہرکراچی میں ایک سینئر ڈاکٹر فرقان الحق کی موت بروقت طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ سندھ اور وفاقی حکومت کی پوری مشینری قوم کو کورونا سے لڑنے کے مشورے دے رہی ہے، مگر دوسری طرف خود ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی اور مہم جوئی میں لگے ہوئے ہیں، ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل اسٹاف حفاظتی سامان و ادوایات کیلئے سراپا احتجاج ہیں، جبکہ کئی اسپتال وینٹی لیٹرز سے محروم ہیں، سول ہسپتال کے تمام وینٹی لیٹرز خراب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بروقت طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے ڈاکٹر فرقان جاں بحق ہو چکے ہیں، پھر بھی سندھ سرکار کی پوری توجہ مساجد بند، جمعہ نماز پر پابندی، کرفیو اور لاک ڈاؤن پر ہے، وزیراعلیٰ سندھ تو کورونا کی سنگین صورتحال بتاتے ہیں، مگر ان کی انتظامیہ کا رویہ اس کے بالکل برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق شہر کراچی میں کورورنا کے صرف 17 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں اور 913 میں سے 160 یہ عام مریض ہیں، تو پھر باقی وینٹی لیٹرر کس مرض کی دوا ہیں، کیونکہ یہ بات صرف ایک ہلاکت کی نہیں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر فرقان الحق کے واقعے کی مکمل تحقیقات اور آئندہ کیلئے اقدامات کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 860897
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش