0
Wednesday 6 May 2020 00:55

احساس پروگرام کے نام پر عوام کے ساتھ نامناسب اور ناروا سلوک کیا جارہا ہے، امتیاز شیخ

احساس پروگرام کے نام پر عوام کے ساتھ نامناسب اور ناروا سلوک کیا جارہا ہے، امتیاز شیخ
اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس نہیں ہے، احساس پروگرام کے نام پر عوام کے ساتھ ناروا سلوک کیا جارہا ہے، انگوٹھے کی تصدیق کے لئے مستحقین کا بغیر فاصلے کے رش تشویشناک ہے۔ وزیر توانائی سندھ  امتیاز شیخ نے اپنے بیان میں کہا کہ وفاق کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے کورونا کی روک تھام میں مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ انگوٹھے کی تصدیق کے لئے محتاط طریقہ کار بھی اختیار کیا جاسکتا ہے، شدید رش اور سماجی فاصلہ اختیار نہ کرنے کی وجہ سے کورونا وائرس مزید شدت سے پھیلنے کا خدشہ ہے جس کا وفاق کو احساس نہیں ہے، ان کو انسانی جانوں سے کھیلنے کا کوئی حق نہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کچھ روز قبل احساس پروگرام میں گورنر سندھ کی شرکت کی وجہ سے صوبے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا، گورنر کی تقریبات میں بھی سماجی فاصلے کی ایس او پی پر عمل نہیں کیا گیا تھا۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ بزرگ و خواتین کو روزے کی حالت میں شدید گرمی میں کھلے آسمان کے نیچے کھڑا کرنا افسوس ناک عمل ہے، کیا نادرا کے پاس اتنے بھی وسائل نہیں کہ مستحقین کے لئے سایہ کا بندوبست کرے، سماجی فاصلے کی ایس او پی پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر اس کے اثرات ناقابل تلافی ہوسکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 860929
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش