0
Wednesday 6 May 2020 01:04

ہم بھی چاہتے ہیں لاک ڈاؤن ختم ہو مگر پہلے لوگوں کی جان کے تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا، بلاول بھٹو زرداری

ہم بھی چاہتے ہیں لاک ڈاؤن ختم ہو مگر پہلے لوگوں کی جان کے تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کورونا جیسی وبا سے لڑنے والے ڈاکٹرز ہمارے قومی ہیرو ہیں جو اس جنگ میں بہت بہادری کے ساتھ لڑ رہے ہیں، میں نے سندھ حکومت کو ہدایت کی ہے کہ جس طرح دہشتگردی کے خلاف لڑنے والے بہادر سپاہیوں کے لئے پیکج دیا گیا تھا، اسی طرز کا خصوصی پیکج ان کو بھی دیا جائے، جس کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہاؤس کراچی میں ملک بھر سے پیپلز ڈاکٹرز فورم کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والے اجلاس میں ڈاکٹر کریم خواجہ، پنجاب کے صدر ڈاکٹر خیام حفیظ، ڈاکٹر جاوید اقبال، ڈاکٹر ارسلان دیوان، سندھ کے صدر ڈاکٹر رزاق شیخ، ڈاکٹر یار علی جمالی، کے پی کے صدر ڈاکٹر نثار احمد خان، ڈاکٹر داد اقبال، ڈاکٹر عاشق حسین شاہ اور افضل ابڑو کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے اکنامک بیل آؤٹ پیکج نہ آنے سے لاک ڈاؤن میں نرمی ہوئی اور وباء پھیلی، پوری دنیا میں وفاقی حکومتوں نے ریلیف پیکیج دیئے ہیں، ہماری وفاقی حکومت نے شہید بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کے علاوہ کچھ نہیں دیا ہے، ہم صرف سندھ کو نہیں بلکہ تمام صوبوں کو ریلیف پیکج دینے کی بات کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ مدد کرنے کے بجائے ہماری راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں، سندھ میں وفاق کا نمائندہ سندھ حکومت کے عوام کو دیئے گئے ریلیف پیکج آرڈیننس پر دستخط ہی نہیں کررہے ہیں، اس پیکج کے تحت صوبے کے عوام کو ملازمتوں اور تنخواہوں کا تحفظ، یوٹیلٹی بلز میں چھوٹ، اسکول فیسوں کی مد میں ریلیف اور گھروں کے کرایہ میں چھوٹ شامل ہے جبکہ سندھ حکومت اس آرڈیننس کے ذریعے تمام صوبائی ٹیکسز میں بھی صوبے کے عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے۔

بلاول زرداری نے کہا کہ ہم بھی چاہتے ہیں کہ لاک ڈاؤن ختم ہو مگر اس سے پہلے ہمیں لوگوں کی جان کے تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا، ٹیسٹ کٹس وافر مقدار میں صوبوں کو دینا ہوں گی اور اسپتالوں میں سہولیات میں بھی اضافہ کرنا ہوگا۔ طبی سہولیات پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے پی کے میں بھی کچھ نہیں کررہی، جہاں کے عوام نے انہیں مینڈیٹ دیا، ہم کہتے ہیں صرف سندھ ہی نہیں وفاق تمام صوبوں کی مدد کرے، اس وقت صوبوں کو اس کی ضرورت ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وفاق اور تمام صوبوں کو اس بات کا ادراک ہونا چاہیئے کہ سندھ کے بروقت اقدامات نے اس وباء کو پھیلنے نہیں دیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز ڈاکٹرز فورم کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو کورونا جیسی وباء سے محفوظ رہنے اور حفاظتی اقدامات سے آگاہ کرنے کی عوامی مہم کو مزید تیز کریں۔
خبر کا کوڈ : 860930
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش