QR CodeQR Code

مقبوضہ وادی کے عوام کی جبر کےخلاف مزاحمت کو دراندازی سے منسوب کرنا درست نہیں، عائشہ فاروقی

6 May 2020 01:49

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ 9 ماہ سے غیرانسانی لاک ڈاؤن اور فوجی محاصرے کا سامنا کر رہے ہیں، بھارت کی جانب سے گزشتہ سال 5 اگست کو اٹھائے گئے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات سے لاک ڈاوَن چل رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے کشمیریوں کی تحریک کے خلاف بھارتی الزامات مسترد کر دیئے۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حالیہ واقعات بھارتی تشدد اور جبر کا شاخسانہ ہیں، مقبوضہ وادی کے عوام کی جبر کے خلاف مزاحمت کو دراندازی سے منسوب کرنا درست نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی افواج کی طرف سے سیکیورٹی کے باوجود دراندازی کے مخصوص الزامات ناقابل فہم ہیں۔ عائشہ فاروقی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ 9 ماہ سے غیرانسانی لاک ڈاؤن اور فوجی محاصرے کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے گزشتہ سال 5 اگست کو اٹھائے گئے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات سے لاک ڈاوَن چل رہا ہے اور پورے خطے کو جیل میں تبدیل کردیا گیا ہے، کوویڈ 19 کے باوجود کشمیری سخت پابندیوں کا شکار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کے تمام حقوق بھارتی قابض افواج نے سلب کر رکھے ہیں جبکہ آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ اور پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کی آڑ میں مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ ہر بین الاقوامی فورم پر اٹھا رہا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ ااور سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کر کے  شدید احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔ دفتر خارجہ نے منگل کو بھارت کے ایک اعلیٰ سفارتکار کو طلب کیا اور بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر پاکستان کا سخت احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ان خلاف ورزیوں کے نتیجے میں چھ بے گناہ شہری شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ قابض بھارتی فوج کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر شہری آبادی والے علاقوں کو توپ خانے، بھاری مارٹر گولوں اور خود کار ہتھیاروں سے مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 860933

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/860933/مقبوضہ-وادی-کے-عوام-کی-جبر-کےخلاف-مزاحمت-کو-دراندازی-سے-منسوب-کرنا-درست-نہیں-عائشہ-فاروقی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org