0
Wednesday 6 May 2020 15:16

خیبر پختونخوا، کرونا سے جاں بحق افراد کی میتیں گھر لیجانےکی اجازت

خیبر پختونخوا، کرونا سے جاں بحق افراد کی میتیں گھر لیجانےکی اجازت
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت نے کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی میتیں گھر لے جانے کی اجازت دیدی اور تجہیز و تکفین کیلئے گائیڈ لائنز بھی جاری کر دی ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری گائیڈ لائنز کے مطابق دنیا میں کہیں بھی کرونا سے جاں بحق شخص سے زندہ افراد کو وائرس لگنے کے شواہد نہیں ملے ہیں، اس لئے میت کو گھر لے جایا جاسکتا ہے مگر اس امر کو یقینی بنانا ہوگا کہ عزیز و اقارب دستانے پہنے بغیر میت کو ہاتھ نہ لگائیں۔ نئی گائیڈ لائنز کے مطابق میت کو پلاسٹک کی بجائے کپڑے سے بھی ڈھانپا جاسکے گا۔ تجہیز و تکفین کے مراحل مکمل ہونے تک متعلقہ سرکاری عملہ موجود رہے گا جو حفاظتی امور کا جائزہ لے گا اور ماسک، گلوز اور حفاظتی لباس کو یقینی بنائے گا۔

میت کو صرف اور صرف گلوز پہن کر ہی چھوا جاسکے گا۔ میت والے گھر کو ان کی رسم و رواج کے مطابق تجہیز و تکفین کے مراحل مکمل کرنے دیئے جائیں گے مگر حفاظتی تدابیر انتہائی ناگزیر ہوں گی۔ غسل دینے والوں کیلئے گلوز، چشمے اور ماسک پہننا ناگزیر قرار دیا گیا ہے اور جاں بحق ہونے والوں کو آخری دیدار کرنے کی مشروط اجازت دی گئی ہے، دیدار کرنے والوں کیلئے ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ رکھنا لازمی ہوگا۔ اس سے پہلے کرونا سے جاں بحق افراد کو گھر والوں کی جانب سے غسل دینے کی اجازت نہیں تھی۔ متعلقہ ادارے ہی میت کی تجہیز و تکفین کے ذمہ دار تھے اور میت کو پلاسٹک میں لپیٹ کر تابوت میں بند کیا جاتا تھا۔
خبر کا کوڈ : 861053
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش