QR CodeQR Code

قیدی بھی معاشرے کا حصہ، انکی خدمت کرنا بھی ہمارا فرض ہے، ارباب عبدالحسیب

6 May 2020 18:30

سینٹرل جیل میں قیدیوں کیلئے مشروبات جیل انتظامیہ کے حوالہ کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر الخدمت فاونڈیشن پشاور کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں کورونا سے جہاں پر عام معاشرہ متاثرہ ہوا ہے، وہاں پر جیلوں میں قید افراد زیادہ رسک پر ہوتے ہیں، جنکی حفاظت کیلئے بھرپور حفاظتی اقدامات کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ الخدمت فاؤنڈیشن ضلع پشاور کے صدر ارباب عبدالحسیب نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن معاشرے کے ہر طبقے کی بلاامتیاز خدمت کر رہی ہے اور ہر فرد ہمارے لئے اہم ہے۔ رمضان المبارک میں افطاری کے لئے پشاور سینٹرل جیل میں قیدیوں کے لئے مشروبات جیل انتظامیہ کے حوالہ کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قیدی بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں اور ان کی خدمت کرنا بھی ہمارا فرض ہے، لہٰذا ان کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں کورونا سے جہاں پر عام معاشرہ متاثرہ ہوا ہے، وہاں پر جیلوں میں قید افراد زیادہ رسک پر ہوتے ہیں، جن کی حفاظت کے لئے بھرپور حفاظتی اقدامات کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی جنرل سیکرٹری الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا فدا محمد، جنرل سیکرٹری الخدمت فاؤنڈیشن پشاور افتخار احمد اور سنٹرل جیل پشاور کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ بیت اللہ مہمند بھی موجود تھے۔ آخر میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ بیت اللہ مہمند نے الخدمت فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے اس مشکل گھڑی میں قیدیوں کے ساتھ بھی تعاون کرکے حقیقی معنوں میں خدمت انسانیت کا عملی مظاہرہ کیا ہے، جس پر الخدمت فاونڈیشن تحسین کی مستحق ہے۔


خبر کا کوڈ: 861084

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/861084/قیدی-بھی-معاشرے-کا-حصہ-انکی-خدمت-کرنا-ہمارا-فرض-ہے-ارباب-عبدالحسیب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org